1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: خواتین کی کاروبار میں عدم دلچسپی، جرمن حکومت نا خوش

1 اگست 2018

جرمنی میں ہر تین میں سے  ایک کاروبار کا آغاز خواتین کرتی ہیں۔ تاہم جرمن حکومت ان اعداد و شمار سے خوش نہیں ہے اور خواتین کو ذاتی کاروبار چلانے کی طرف زیادہ راغب کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/32Pj7
Dorothee Ritz
تصویر: Getty Images

بیربل گرون برگر کو شروع ہی سے معلوم تھا کہ وہ اپنا کاروبار کرنا چاہتی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے،’’ میں کاروباری ماحول میں بڑی ہوئی۔ ذمہ داری اٹھانا میری زندگی کا ہمیشہ سے حصہ تھا۔‘‘

باویریا سے تعلق رکھنے والی گرون برگر کا کہنا ہے کہ جرمنی میں تجارت اور کاروبار کی دنیا میں مردوں کی اجارہ داری ہے۔ لیکن اب اس 37 سالہ خاتون تاجر کے لیے کچھ مشکل نہیں رہا۔ چند ماہ قبل گرون برگر  نے ایک اور نئے کاروبار کا آغاز کیا ہے۔ انہوں  نے ای کامرس یا پھر آن لائن تجارت کی دنیا میں اپنے قدم جمانا شروع کر دیے ہیں۔ گرون برگر  ، اپنی اشیاء کی آن لائن بہترین نمائش اور انسٹاگرام پر متاثر کن  پوسٹوں کے ذریعے اپنا کاروبار بخوبی چلا رہی ہیں۔ اس نئے کاروبار میں گرون برگر، آن لائن کمپنی ایمازون کے ذریعے لوہے اور شیشے کی مصنوعات فروخت کرتی ہیں۔ برگر کی رائے میں آن لائن کاروبار میں بہت امکانات ہیں۔

اس سال فروری میں برگر  نے اپنی اشیاء کی 500 فیصد زیادہ فروخت کی تھی۔ ابھی تک انہیں منافع تو نہیں ہوا لیکن وہ پر امید ہیں کہ اس کام میں ان کا مستقبل روشن ہے۔ گرون برگر کا کہنا ہے،’’ آپ ای کامرس کے ذریعے بہت کچھ کر سکتے ہیں، چاہے آپ جوان ہیں یا بوڑھے، مرد یا عورت۔‘‘

جرمنی کی وزارت خزانہ کے مطابق ،’’ خواتین کی جانب سے نئی کاروباری کمپنیوں کی بنیاد رکھنے کا مطلب  زیادہ نئے خیالات، زیادہ نوکریاں اور جرمنی کی اقتصادی ترقی ہے۔‘‘اس تناظر میں جرمن وزارت خزانہ کی جانب سے کئی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ حکومت نے ’خواتین تاجروں کی قومی ایجنسی‘ تشکیل دی ہے اس کے علاوہ ’ویمن ان ڈیجیٹل‘ نامی پروگرام کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔ جرمنی میں خواتین تاجروں کی حوصلہ افزائی اور کاروبار آغاز کرنے کی خواہش پیدا کرنے کے لیے حکومت کے علاوہ دوسری تنظیمیں بھی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔

بڑی کاروباری کمپنیاں جیسے کہ ایمازون اور جرمنی کی ایک غیر سرکاری تنظیم نے مل کر ’مستقبل کی خواتین تاجر ‘ کے نام سے ایک پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ ان اقدامات سے جرمنی میں خواتین کاروبار شعبے میں زیادہ دلچسپی لیں گی اور اپنی کاروباری صلاحیتیں دکھانے میں کامیاب بھی ہوں گی۔