1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی بدر ہونے والے چودہ افغان اپنے ملک پہنچ گئے

5 دسمبر 2018

جرمن شہر فرینکفرٹ سے منگل کے روز ایسے چودہ افغان مہاجرین کو ان کے ملک روانہ کیا گیا، جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں۔ یہ مہاجرین آج بدھ کے روز کابل پہنچ چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/39UKw
Deutschland Abschiebung nach Afghanistan
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Roessler

برلن حکومت کی جانب سے چودہ ایسے افغان تارکین وطن کے ایک گروپ کو ملک بدر کردیا گیا ہے، جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی تھیں۔ ملک بدر کیے جانے والے ان افغان شہریوں کو جرمن شہر فرینکفرٹ سے ایک پرواز کے ذریعے کابل بھیجا گیا۔ افغان حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ چودہ افغان مہاجرین آج بدھ پانچ دسمبر کی صبح سات بجے کابل پہنچ چکے ہیں۔

سن 2016 سے اب تک جرمنی سے افغانستان ملک بدر ہونے والا یہ انیسواں گروپ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق چار سو انتالیس افغان مہاجرین کو ملک بدر کیا جاچکا ہے۔

Abschiebung Abschiebeflüge
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Babbar

دوسری طرف جرمنی میں افغان مہاجرین کی ملک بدری پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ افغانستان محفوظ ملک نہیں کیونکہ وہاں طالبان اور داعش کے جنگجؤں کی جانب سے مسلسل حملےجاری ہیں۔

مزید افغان مہاجرین کی جرمنی بدری، تنقید کا سلسلہ بھی جاری

واضح رہے رواں برس جولائی میں جرمنی سے واپس افغانستان بھیجے جانے کے بعد ایک افغان مہاجر نے خودکشی کرلی تھی۔ یہ تئیس سالہ افغان شہری جرمنی میں آٹھ برس سے رہائش پذیر تھا۔

افغان ملٹری ذرائع نے بتایا ہے کہ مختلف حملوں اور جھڑپوں میں اوسطاﹰ یومیہ پینتیس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہورہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں برس 2798 افغان شہری بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

ع آ / ا ب ا (ڈی پی اے)