1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: ایئرپورٹ سکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال، ہزارہا مسافر پریشان

15 جنوری 2019

جرمنی کے آٹھ بڑے ایئرپورٹس پر تعینات سکیورٹی اسٹاف نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے ہڑتال شروع کر دی ہے۔ اس ہڑتال کے باعث دو لاکھ سے زائد مسافروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3BYg4
Streik Sicherheitspersonal Flughafen Frankfurt
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

جرمنی کے سب سے بڑے اور مصروف ترین ایئرپورٹ فرینکفرٹ سمیت ملک کے آٹھ ایئرپورٹس پر سکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال کے سبب مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں اور سامان کی جانچ کرنے والے اسٹاف نے 18 گھنٹے کی ہڑتال شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے محض فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر کُل 1200 میں سے 570 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ صرف فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر پانچ ہزار سے زائد سکیورٹی اسٹاف اس ہڑتال میں شامل ہے۔

فرینکفرٹ کے علاوہ میونخ، ہینوور، بریمن، ڈریسڈن، لائپزگ اور ایرفُرٹ کے ایئرپورٹس کا سکیورٹی اسٹاف بھی آج ہونے والی ہڑتال میں شریک ہے۔

Streik Sicherheitspersonal Flughafen Frankfurt
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

فرینکفرٹ ایئرپورٹ کا انتظام چلانے والی کمپنی فراپورٹ کی طرف سے ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے، ’’سکیورٹی اہلکاروں کی ہڑتال کے سبب فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر 15 جنوری کو پروازوں کے سلسلے میں بڑی رکاوٹ رہے گی۔ بورڈنگ کے علاقے میں داخلے کے مقام پر سکیورٹی اسٹاف کی عدم موجودگی رات آٹھ بجے تک جاری رہے گی اور اس دوران مسافر جہازوں تک نہیں پہنچ سکیں گے۔‘‘

قبل ازیں جرمن ایئرپورٹ ایسوسی ایشن ADV نے خبردار کیا ہے اس ہڑتال کے سبب آج منگل کے روز قریب 220,000 مسافر متاثر ہوں گے جبکہ جرمن فلائٹ نیٹ ورک مفلوج ہو کر رہ جائے گا۔

یہ ہڑتال مزدور یونینوں ڈی بی بی اور  ویرڈی کی جانب سے کی گئی ہے جو سکیورٹی اسٹاف کے لیے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ ان تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ سکیورٹی اسٹاف کی فی گھنٹہ اجرت بڑھا کر 20 یورو فی گھنٹہ کی جائے۔

Streik Sicherheitspersonal Flughafen Frankfurt
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

جرمنی کی سب سے بڑی مزدور یونین ویرڈی کی بورڈ ممبر اوتے کِٹل کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ’’چونکہ آجرین نے بہتر پیشکش کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی، اس لیے علامتی  ہڑتالوں کے سلسلے میں اضافہ ضروری ہے۔‘‘

آجرین کی جانب سے تنخواہوں میں کم اضافے کی پیشکش کی جا چکی ہے جسے مزدور یونینوں نے تسلیم نہیں کیا۔ اس سلسلے میں یونینوں اور آجرین کے درمیان بات چیت کا سلسلہ دوبارہ 23 جنوری کو شروع ہونا ہے۔

ا ب ا / ع ا (ڈی پی اے، اے ایف پی، روئٹرز)