1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: اعلی عدالت نے بھی شامی شہری کی سزا برقرار رکھی

4 مئی 2022

شام کی خفیہ پولیس کے ایک سابق رکن نے اذیت پہنچانے سے متعلق عدالتی فیصلے کو چیلنج کیا تھا، جسے اعلیٰ عدالت نے بھی مسترد کر دیا۔ انسانیت کے خلاف جرائم میں آلہ کار بننے کے الزام میں یہ ایک تاریخی فیصلہ تھا۔

https://p.dw.com/p/4Ankd
Symbolfoto Justitia
تصویر: picture alliance

جرمنی میں فوجداری سے متعلق ایک اعلی عدالت نے منگل کے روز کہا کہ اس نے شام کی خفیہ پولیس کے رکن کے طور پر قیدیوں کو اذیت دینے میں سہولت فراہم کرنے کے الزام میں گزشتہ برس سزا پانے والے ایک شامی شہری کی اپیل کو مسترد کر دیا ہے۔

فیڈرل کورٹ آف جسٹس نے فیصلہ سنایا کہ فروری سن 2021 میں مغربی جرمن شہر کوبلنز کی ایک عدالت نے اس سلسلے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے جو قید کی سزا دی تھی، اس میں کوئی قانونی غلطی نہیں ہے۔ اس فیصلے کا مطلب یہ ہوا کہ اب وہ شامی شہری اس فیصلے کو مزید چیلنج نہیں کر سکتا۔

اس شخص کو کس جرم کی سزا دی گئی؟

جرمنی کے رازداری قوانین کے تحت ایاد اے کے نام سے شناخت کیے جانے والے اس شخص کو انسانیت کے خلاف جرائم میں معاون ہونے کا مجرم قرار دیا گیا تھا اور کوبلنز کی عدالت نے اسے ساڑھے چار برس قید کی سزا سنائی تھی۔

Kroatien I Bundesgerichtshof in Zagreb
تصویر: Igor Lasic/DW

اس شخص کو سن 2011 میں پرامن حکومت مخالف مظاہروں کے دوران گرفتار کیے گئے 30 افراد کو اس جیل میں منتقل کرنے میں ملوث ہونے کا قصوروار پا یا گیا تھا، جہاں ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور ان پر تشدد کیا گیا۔

ایسا فیصلہ پہلی بار ہوا تھا کہ جس میں شام سے باہر کسی ملک کی عدالت نے ایک ایسے مقدمے میں فیصلہ سنایا، جس میں شامی حکومت کے اہلکاروں پر انسانیت کے خلاف جرائم کا الزام لگایا گیا تھا۔

بعد میں ایاد اے کی گواہی نے شام کے ایک دوسرے سابق اہلکار کی سزا میں بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا، جس میں کوبلنز کی عدالت سے جنوری میں تقریباً 4,000 لوگوں پر تشدد کرنے اور کم از کم 27 دیگر قیدیوں کی موت میں ملوث ہونے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت سے اختلاف رائے رکھنے والے اور انکے مخالفین کے خلاف بڑے پیمانے پر ایسے انسانیت سوز جرائم حکومت کی ایما پر کیے گئے تھے۔

ص ز/ ج ا (ڈی پی اے، ای پی ڈی، کے این اے)

شامی ’کیٹ مین‘: جنگ زدہ شہر میں بلیوں کا دوست

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید