1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمن گائیوں نے جنگلی خوکچہ گود لے لیا

4 اکتوبر 2022

جرمنی میں ان دنوں اپنے خاندان سے بچھڑ جانے والے ایک جنگلی خوکچے کا بڑا چرچا ہے، جسے ایک کسان کی گائیوں نے گود لے لیا ہے۔ یہ گائیں چراگاہ جاتے ہوئے اس خوکچے کو بھی ہمراہ لے جاتی ہیں اور اسے اپنے ساتھ ساتھ رکھتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4HjZK
Germany piglet cows foster child Frida
تصویر: Julian Stratenschulte/dpa/picture alliance

یہ واقعہ قریب تین ہفتے قبل وسطی جرمنی کے ایک چھوٹے سے قصبے بریفوئرڈے میں پیش آیا۔ اس قصبے کے ایک کسان فریڈرش شٹاپل نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ وہ ایک روز اپنی گائیوں کے ریوڑ میں ایک جنگلی سؤر کے چھوٹے سے بچے کو دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔

کسان فریڈرش شٹاپل کے مطابق یہ خوکچہ (خنریز کا چھوٹا سا بچہ) ممکنہ طور پر اس وقت اپنے خاندان سے بچھڑ کر راستہ بھول گیا تھا، جب جنگلی سؤروں کا یہ کنبہ ایک قریبی دریا عبور کر رہا تھا۔

شٹاپل نے بتایا کہ وہ جانتا ہے کہ جنگلی سؤر کسی طرح زرعی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچاتے اور انہیں تباہ کر دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود اس نے اس خوکچے کو اپنی گائیوں کے ریوڑ سے علیحدہ کر کے جنگل کی طرف بھگا دینا مناسب نہ سمجھا۔

Germany piglet cows foster child Frida
فریڈرش شٹاپل کی گائیں چراگاہ جاتے ہوئے ’فریڈا‘ کو بھی اپنے ساتھ لے کر جاتی ہیںتصویر: Julian Stratenschulte/dpa/picture alliance

یہ دیکھتے ہوئے کہ شٹاپل کی گائیوں نے اس خوکچے کو ایک طرح سے گود لے لیا تھا اور چرنے کے لیے چراگاہ جاتے ہوئے بھی وہ اس کم عمر جانور کو ساتھ لے جاتی ہیں اور اس کی دیکھ بھال کرتی ہیں، شٹاپل نے اپنے قصبے کے تمام شکاریوں کو بھی منع کر دیا کہ ان میں سے کوئی بھی اس جنگلی خوکچے کا شکار کرے اور نہ ہی اسے کوئی نقصان پہنچائے۔

دریں اثنا شٹاپل نے اس خوکچے کا نام 'فریڈا‘ بھی رکھ دیا ہے اور یہ 'لے پالک اپنی متبادل ماؤں‘ کے ساتھ ان کے باڑے میں ہنسی خوشی وقت گزار رہا ہے۔

فریڈرش شٹاپل نے ڈی پی اے کو بتایا، ''گائیوں کے لیے سخت سردی میں باڑےکا اندرونی ماحول گرم رکھنے کا کافی انتظام ہوتا ہے اور یہ خوکچہ ان گائیوں کے ہمراہ سکون سے سارا موسم سرما اسی باڑے میں گزار سکے گا۔‘‘

م م / ش ر (ڈی پی اے)