جرمن وزیر اقتصادیات، روس روانہ ہو گئے
21 ستمبر 2016جرمن نائب چانسلر اور وزیر اقتصادیات زیگمار گابرئیل نے ماسکو روانہ ہونے سے قبل کہا کہ وہ روسی صدر ولادی میر پوٹن سے ملاقات کے دوران شام میں امدادی قافلے پر ہونے والے حملے کے موضوع پر بھی بات کریں گے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق گابریئل کا کہنا تھا، ’’مشرقی یورپ، شام اور مشرق وُسطیٰ میں سیاسی اور اقتصادی استحکام ہمارے مفاد میں ہے۔‘‘
اپنے اس دورے کے دوران جرمن وزیر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے سلسلے میں آج بدھ 21 ستمبر اور جمعرات کے روز حکومتی نمائندوں سے بھی ملیں گے جبکہ روس میں موجود جرمن کاروباری اداروں کے اہلکاروں سے بھی ان کی ایک ملاقات طے ہے۔ اس دورے میں زیگمار گابریئل کے ساتھ اقتصادی ماہرین کا ایک وفد بھی ہے۔
خیال رہے کہ زیگمار گابریئل روس کے خلاف یورپی یونین کی پابندیوں کو برقرار رکھنے کے حوالے سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو کئی مرتبہ تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ روس کے خلاف یہ پابندیاں یوکرائنی علاقے کریمیا کو اپنے ساتھ ملانے اور پھر مشرقی یوکرائن میں علیحدگی پسندوں کی مدد کرنے کی وجہ سے دو برس قبل عائد کی گئی تھیں۔
جرمن وزیر اقتصادیات و نائب چانسلر زیگمار گابریئل کے دورہ ماسکو کو جرمنی کے ان کاروباری رہنماؤں کی طرف سے سراہا جا رہا ہے جو روس کے ساتھ بزنس پارٹنر شپ بحال کرنے کے متمنی ہیں۔