1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستجرمنی

برلن اور کییف کے میئر کی ویڈیو کال، کلچکو ڈیپ فیک نکلے

25 جون 2022

برلن کی میئر فرانزسکا گیفے نے پندرہ منٹ تک کییف کے میئر ویتالی کلچکو کے ساتھ ویڈیو کال کی۔ بعد میں شبہ ہوا کے دوسری جانب اصلی نہیں ڈیپ فیک میئر ہے۔

https://p.dw.com/p/4DEtg
Ukraine Bürgermeister von Kiew Vitali Klitschko in Kiew
تصویر: Maxym Marusenko/NurPhoto/picture alliance

برلن کی میئر اور خود کو کییف کا میئر ظاہر کرنے والے نامعلوم شخص کے مابین جاری ویڈیو کال اس وقت منقطع کر دی گئی جب حکام کو شبہ ہوا کہ وہ کییف کے میئر ویتالی کلچکو نہیں بلکہ ڈیپ فیک ہے۔

برلن کی ریاستی حکومت کے ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا، ''ایسا کوئی حوالہ نہیں تھا جس سے معلوم ہوتا کہ ویڈیو کانفرنس حقیقی انسان کے ساتھ نہیں کی جا رہی۔ بظاہر یہ ڈیپ فیک تھا۔ پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔‘‘

میئر گیفے کی ترجمان لیزا فریریچس کے مطابق میئر اور ڈیپ فیک کے ذریعے خود کو کییف کا میئر ظاہر کرنے والے شخص کے مابین پندرہ منٹ گفتگو ہوئی، جس دوران کوئی قابل ذکر بات نہیں کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا، ''خود کو کلچکو ظاہر کرنے والے نے پوچھا کہ ہم یوکرائینی پناہ گزینوں کے ساتھ کیسا سلوک کر رہے ہیں، ہم اس سے کیسے ڈیل کر رہے ہیں، تعداد کتنی ہے وغیرہ وغیرہ۔۔۔ حسب توقع مکمل طور پر عام گفتگو تھی۔‘‘

جعلی میئر کے عجیب سوالات

برلن کی میئر کی ترجمان نے بتایا کہ میئر گیفے کو اس وقت شبہ ہوا جب کییف کے جعلی میئر نے برلن میں یوکرینی باشندوں کے 'سماجی فوائد حاصل کرنے‘ کے بارے میں پوچھا۔

فریریچس کے مطابق پھر اس شخص نے درخواست کی کہ ''آپ حکام کے ذریعے لڑنے کے لیے یوکرین واپس جانے والے نوجوانوں کی مدد کے لیے اقدامات کریں۔‘‘

اس سے بھی زیادہ عجیب اور آخری سوال ہم جنس پسندوں کے حقوق سے متعلق تھا: ''اس نے پوچھا کہ کیا ہم کییف میں کرسٹوفر اسٹریٹ ڈے جیسا ایونٹ کرانے میں مشاورتی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ جنگ کے دوران اس طرح کا سوال عجیب تھا۔‘‘

برلن میئر کے دفتر کے مطابق اس کے بعد رابطہ منقطہ کر دیا گیا۔ میئر کے دفتر سے انتظامی اہلکار نے بعد ازاں ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ جرمنی میں یوکرینی سفیر نے بھی تصدیق کی کہ کییف کے میئر نے رابطہ نہیں کیا تھا۔

اصلی کلچکو بات کرنا چاہتے ہیں

جرمنی کے کثیر الاشاعتی اخبار 'بلڈ‘ کے مطابق کییف کے میئر نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ باقاعدہ سطح پر برلن کی میئر سے جلد بات کریں گے۔

کلچکو طویل عرصے تک خود بھی جرمنی میں مقیم رہے ہیں اس لیے انہوں نے کہا، ''مجھے تو بات کرنے کے لیے مترجم کی ضرورت بھی نہیں ہے۔‘‘

میئر گیفے کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کانفرنس کے دوران ایسا کوئی واضح ثبوت یا اشارہ نہیں تھا کہ دوسری جانب حقیقی میئر کلچکو نہیں ہیں۔ تاہم اب اگر پلٹ کر دیکھا جائے تو لگتا ہے کہ وہ 'ڈیپ فیک‘ تھا۔ ''ہمارے سامنے ایک شخص بیٹھا تھا جو بالکل حقیقی ویتالی کلچکو جیسا دکھائی دے رہا تھا۔‘‘

ڈیپ فیک ٹیکنالوجی استعمال کر کے تکنیکی طور پر ایسی ویڈیوز بنائی جا سکتی ہیں جن میں حقیقی شخص کی شکل، گفتگو، اور نقل و حرکت حقیقت کے قریب تر دکھائی دیتی ہیں۔

ش ح/ک م (اے ایف پی، ڈی پی اے)