1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپانی بلٹ ٹرین میں چاقو سے حملہ: ایک شخص ہلاک، دو زخمی

10 جون 2018

جاپان کی انتہائی تیز رفتار بلٹ ٹرین میں ایک مسلح شخص نے چاقو سے وار کر کے ایک شخص کو ہلاک اور دو دیگر کو زخمی کر دیا۔ گرفتار کر لیے گئے مشتبہ ملزم نے اعتراف کر لیا ہے کہ وہ پریشان تھا اور کسی کی جان لینا چاہتا تھا۔

https://p.dw.com/p/2zE6P
تصویر: picture-alliance/AP Images/The Yomiuri Shimbun

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو سے اتوار دس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ملزم کی عمر 22 سال ہے اور اس نے پولیس کو اپنا نام ایچیرو کوجیما بتایا ہے۔ یہ حملہ آور ٹوکیو سے مغرب کی طرف اوداوارا کے مقام پر اس وقت یکدم اس ٹرین میں گھس گیا تھا، جب یہ ریل گاڑی وہاں کے ریلوے اسٹیشن پر رکی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ یہ حملہ ہفتہ نو جون کو رات گئے کیا گیا، جب ٹوکیو سے اوساکا جانے والی اس ہائی اسپیڈ ٹرین کے کئی مسافر سو رہے تھے یا نیم خوابیدہ تھے۔ ملزم کو فوری طور پر مسلح حالت میں گرفتار کر لیا گیا، تاہم تب تک وہ ایک مسافر کی جان لینے کے علاوہ دو دیگر کو زخمی بھی کر چکا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کوجیما کو جب گرفتار کیا گیا، اس وقت وہ ایک ایسے زخمی مسافر کے اوپر گرا ہوا تھا، جو بے ہوش ہو چکا تھا۔ اس شخص کی ایک ٹانگ بھی چاقو سے کیے گئے حملے میں زخمی ہو گئی تھی اور اسے گردن پر بھی شدید زخم آئے تھے۔ بعد ازاں یہ 38 سالہ زخمی مسافر انتقال کر گیا۔

Japan Messerstecherangriff im Shinkansen Zug
تصویر: picture-alliance/AP Images/The Yomiuri Shimbun

اس حملے میں دو نوجوان خواتین بھی زخمی ہوئیں تاہم ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ان دونوں زخمی مسافروں نے بتایا کہ اس حملے کے دوران بلٹ ٹرین میں سوار مسافروں میں شدید خوف پھیل گیا تھا۔ حکام کے مطابق اس ریل گاڑی میں قریب 800 مسافر سوار تھے۔

گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق ملزم کوجیما نے پولیس کو بتایا کہ وہ ’پریشان تھا اور بس کسی کو مار دینا چاہتا تھا‘۔ پولیس کو ریل گاڑی میں حملے کی جگہ سے کم از کم دو چاقو بھی ملے، جو اس حملے میں استعمال کیے گئے تھے۔

جاپان دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں میں شمار ہوتا ہے اور صنعتی طور پر ترقی یافتہ دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک ہے، جہاں پرتشدد حملوں اور ہلاکت خیز جرائم کی شرح انتہائی کم ہے۔

م م / ع س / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید