1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران میں تیل کے نئے ذخائر دریافت

10 نومبر 2019

ایرانی صدر حسن روحانی نے بتایا ہے کہ ایران میں تیل کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ تاہم اقتصادی پابندیوں کے باعث تہران حکومت کے لیے بین الاقوامی منڈی تک رسائی ایک مشکل عمل ہوگا۔

https://p.dw.com/p/3SnU3
Erdölraffinerie im Iran
تصویر: picture-alliance/dpa/EPA/A. Taherkenareh

ایرانی صدر حسن روحانی کے مطابق ملک کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں دریافت ہونے والی نئی آئل فیلڈ میں پچاس بلین بیرل سے زائد خام تیل کے ذخائر موجود ہیں۔ تہران حکومت نے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب اس ملک کی معیشت امریکا کی سخت ترین پابندیوں کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
صدر روحانی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا، ’’ایران پر تیل کے فروخت کی پابندی کے باوجود مقامی انجینئر اور مزدوروں نے 53 بلین بیرل سے زائد خام تیل کے ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔‘‘ 

Iran Präsident Hassan Rohani
تصویر: picture-alliance/Zumapress/R. Foulabi


ایران کی سب سے بڑی آئل فیلڈ اہواز میں 65 بلین بیرل خام تیل موجود ہے، یہ  نئی آئل فیلڈ اب ملک کی دوسری بڑی آئلڈ فیلڈ بن سکتی ہے۔ ایران اس وقت خام تیل کی پیدوار کے حوالے سے دنیا کا چوتھا اور قدرتی گیس کے حوالے سے دوسرا بڑا ملک ہے۔ تاہم امریکی پابندیوں کے باعث تہران حکومت کو توانائی کی برآمد میں مشکلات درپیش ہیں۔

ایران میں دوسرے نیوکلیئر پاور ری ایکٹر پر کام شروع
ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ ایرانی شہر بوشہر میں دوسرے نیوکلیئر پاور ری ایکٹر کی تعمیر شروع کردی ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اتوار دس نومبر کو بوشہر پلانٹ پر ایرانی حکام نے  صحافیوں کے سامنے نیوکلیئر ری ایکٹر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ 

Iran Kernkraftwerk Bushehr
تصویر: picture-alliance/AP Photo/V. Salemi


بوشہر میں پہلے جوہری ری ایکٹر نے 2011ء میں کام شروع کیا تھا جو روس کے تعاون سے تعمیر کیا گیا تھا۔ یہاں تعمیر ہونے والا دوسرا ری ایکٹر بھی روس ہی کی مدد سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔

ایران پر نئی امریکی پابندیاں
ایک سال قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے 2015ء میں طے پانے والے معاہدے سے یکطرفہ طور پر علیحدگی اختیار کر لی تھی اور ایران کے خلاف پابندیوں کا اطلاق کر دیا تھا۔ اس کے بعد سے ایران بتدریج اپنی یورینیم کی پیداوار اور اس افزودگی بڑھا رہا ہے۔
ع آ / ا ب ا (ڈی پی اے، اے پی)

پاکستان ایران سرحد پر تیل کی خطرناک اسمگلنگ