1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی بادشاہ کی تاج پوشی سے پہلے اپنی باڈی گارڈ سے شادی

2 مئی 2019

مشرق بعید کی بادشاہت تھائی لینڈ کو اس کے بادشاہ وجیرا لونگ کورن کی تاج پوشی سے صرف تین روز قبل ایک نئی ملکہ مل گئی ہے۔ بادشاہ کی تاج پوشی ہفتہ چار مئی کو ہو گی اور انہوں نے یکم مئی کو اپنی ذاتی باڈی گارڈ سے شادی کر لی۔

https://p.dw.com/p/3HoQu
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Bureau of the Royal Household

تھائی لینڈ میں حکمران شاہی گھرانہ چکری خاندان کہلاتا ہے اور وہ اس ملک پر گزشتہ 237 برسوں سے حکومت کرتا آ رہا ہے۔ اب تک اس خاندان کے دس افراد ملکی بادشاہ بن چکے ہیں۔ چکری خاندان کے پہلے بادشاہ راما اول تھے، جنہوں نے بنکاک کو ملکی دارالحکومت بنایا تھا۔ موجودہ بادشاہ راما دہم کہلاتے ہیں اور ان کی تاج پوشی غیر معمولی تاخیر سے ہفتہ چار مئی کو ہو رہی ہے۔

شاہی حکمرانوں کا چکری خاندان

تھائی لینڈ کے شاہی خاندان کی روایات کے مطابق کوئی خاتون تخت پر براجمان نہیں ہوتی لیکن اگر بادشاہ چاہے تو وہ کسی خاتون کو اپنی جانشنین اور تخت کی وارث نامزد کر سکتا ہے۔ مگر گزشتہ قریب ڈھائی صدیوں سے ایسا کبھی نہیں ہوا۔

تھائی لینڈ کے موجودہ بادشاہ مہا وجیرا لونگ کورن اپنے والد کے انتقال کے بعد بادشاہ بنے تھے لیکن ان کی عملی تاج پوشی ابھی تک نہیں ہوئی۔ ان کے والد تقریباﹰ 70 برس تک تھائی لینڈ کے بادشاہ رہے تھے اور یوں وہ اپنی زندگی میں دنیا بھر کے اور چکری خاندان کے بھی آج تک سب سے زیادہ عرصے تک حکمرانی کرنے والے بادشاہ تھے۔

Thailand Bangkok - König Maha Vajiralongkorn Bodindradebayavarangkun und Königin Suthida Vajiralongkorn Na Ayudhya
تھائی بادشاہ شادی کے بعد ملکہ سوتھیدا کو تحفہ پیش کرتے ہوئے، بادشاہ کے بیٹھے ہونے کی وجہ سے احتراماﹰ کوئی بھی کھڑا نہیں ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/Bureau of the Royal Household

تھائی لینڈ کے شاہی خاندان کا شمار دنیا کے امیر ترین شاہی گھرانوں میں ہوتا ہے اور مشرق بعید کے اس ملک میں بادشاہ کے انتہائی مقدس ہونے کی وجہ سے اس کا بےحد احترام کیا جاتا ہے۔ کسی بھی تھائی بادشاہ کو بالعموم ہندو دیوتا وِشنو کا اوتار سمجھا جاتا ہے اور اسی لیے جدید تھائی معاشرہ تین بنیادوں پر قائم ہے: بادشاہت، بدھ مت اور تھائی قوم۔

Maha Vajiralongkorn König  Thailand
تھائی بادشاہ راما دہمتصویر: Getty Images/P. Changchai

سات عشروں بعد پہلی تاج پوشی

تھائی لینڈ 1932 تک ایک بادشاہت تھا لیکن پھر ایک پرامن انقلاب کے نتیجے میں ملک میں آئینی بادشاہت متعارف کرا دی گئی تھی۔ آج سے دو روز بعد جب اس وقت 66 سالہ مہا وجیرا لونگ کورن کی تاج پوشی کی تقریبات شروع ہوں گی، تو وہ پیر چھ مئی کو مکمل ہوں گی۔

ان تقریبات میں ہزاہا مہمان شرکت کریں گے، کل اخراجات تقریباﹰ 31 ملین امریکی ڈالر کے برابر ہوں گے اور تھائی باشندوں کی ایک بہت بڑی اکثریت کے لیے یہ ان کی زندگی میں پہلا موقع ہو گا کہ وہ ملکی بادشاہ کی تاج پوشی کی رسم دیکھیں گے۔ اس لیے کہ گزشتہ تاج پوشی اکتوبر 2016ء میں انتقال کر جانے والے موجودہ بادشاہ کے والد بھومی بول آدلیادیج کی ہوئی تھی اور یہ تقریباﹰ تین چوتھائی صدی پہلے کی بات ہے۔

ذاتی باڈی گارڈ سے شادی

بادشاہ مہا وجیرا لونگ کورن یا راما دہم کی کوئی بیوی نہیں تھی اور اسی لیے تھائی باشندوں کے لیے تشویش کی ایک بات یہ بھی تھی کہ آئندہ ملکہ کون ہو گی۔ یہ ابہام بدھ یکم مئی کو اس وقت ختم ہو گیا جب بادشاہ نے غیر متوقع طور پر اپنے ذاتی محافظوں کی ڈپٹی کمانڈر اور ایک سابقہ ایئر ہوسٹس سے شادی کر لی۔

نئی ملکہ تین جون 1978ء کے روز پیدا ہوئی تھیں۔ اس وقت ان کی عمر 40 برس ہے اور وہ اپنی عمر میں بادشاہ سے 26 برس چھوٹی ہیں۔ ان کا پیدائشی نام سُوتھیدا تِدجائی تھا اور راما دہم کی اہلیہ کے طور پر اب ان کا پورا نام ملکہ سُوتھیدا وجیرا لونگ کورن نا ایُودھیا ہو گا۔

ملکہ سُوتھیدا ماضی میں ملکی فضائی کمپنی تھائی ایئرویز کی ایئر ہوسٹس بھی رہی ہیں۔ اس کے بعد وہ اس سکیورٹی یونٹ کا حصہ بن گئی تھیں، جس کا کام اس وقت کے ولی عہد وجیرا لونگ کورن کی حفاظت تھا۔

تھائی لینڈ میں شاہی خاندان پر نہ تو تنقید کی جا سکتی ہے اور ہی شاہی خاندان کے ارکان کی کوئی تذلیل کی جا سکتی ہے۔ اس سے مراد خاص طور پر بادشاہ، ملکہ اور ولی عہد ہوتے ہیں۔ ایسا کرنے پر کسی بھی ’ملزم‘ کو 15 سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

ملکہ بننے سے پہلے تھائی فوج کی جنرل بھی

تھائی لینڈ کی نئی ملکہ بادشاہ راما دہم کے ساتھ یکم مئی کو اپنی شادی سے پہلے دسمبر 2016ء سے ملکی فوج میں ایک جنرل کے عہدے پر بھی فائز تھیں۔ انہیں ملکی فوج میں جرنیل موجودہ بادشاہ نے اپنی شاہی ذمے داریاں سنبھالنے کے کچھ ہی روز بعد ایک شاہی فرمان کے ذریعے بنایا تھا۔

اس کے علاوہ وہ شادی سے قبل بادشاہ کے ذاتی باڈی گارڈز کی رجمنٹ کی نائب کمانڈر بھی تھیں۔ اس رجمنٹ کے کمانڈر خود تھائی بادشاہ راما دہم ہیں۔

م م / ع ب / روئٹرز، اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں