1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی گراں پری: پول پوزیشن میں فیٹل اول

7 مئی 2011

کل اتوار کو فارمولا ون کار ریسنگ میں ترکی کے شہر استنبول میں ’ٹرکش گراں پری‘ کا انعقاد ہو گا۔ ہفتہ کے روز اس ریس کی پوزیشنوں کے پول مقابلے مکمل ہوئے۔ فیٹل پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

https://p.dw.com/p/11BGW
سباستیان فیٹل
سباستیان فیٹلتصویر: AP

فارمولا ون کار ریسنگ میں سال رواں کی چوتھی ریس کا انعقاد کل اتوار کو تاریخی شہر استنبول میں ہو گا۔ ہفتہ کے روز اس ریس کے لیے پول پوزیشنوں کا مقابلہ ہوا۔ صبح کے وقت ہونے والے پریکٹس سیشن میں فارمولا ون ڈرائیونگ کے ورلڈ چیمپیئن سباستیان فیٹل نے ریس ٹریک کا تیز ترین چکر مکمل کیا۔

فیٹل کو تاریخ ساز جرمن ڈرائیور مشائل شوماخر کی جانب سے بھرپور مقابلے کا سامنا رہا۔ شوماخر نے پریکٹس سیشن میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ لیکن پول مقابلوں میں شوماخر اپنی پریکٹس سیشن والی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ وہ حتمی مقابلے میں آٹھویں پوزیشن سے کار ریس کا آغاز کریں گے۔

استنبول پارک کے فارمولا ون کار ریس ٹریک پر پول مقابلوں کا اہتمام ہفتہ کی سہ پہر میں کیا گیا تھا۔ پول مقابلوں میں ابتداء ہی سے جرمن ڈرائیور فیٹل نے اپنی برتری قائم رکھی۔ فیٹل نے رواں سال مسلسل چوتھی پول پوزیشن حاصل کی ہے۔ مجموعی طور پر اب تک وہ اپنے پروفیشنل کیرئر میں انیس مرتبہ پول پوزیشن جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

استنبول پارک کے فارمولا ون کار ریس ٹریک پر پول مقابلوں کا اہتمام ہفتہ کی سہ پہر میں کیا گیا
استنبول پارک کے فارمولا ون کار ریس ٹریک پر پول مقابلوں کا اہتمام ہفتہ کی سہ پہر میں کیا گیاتصویر: AP

کل اتوار کو جب ریس شروع ہو گی تو سباستیان فیٹل کے بعد ان کے ساتھی مارک ویبر دوسرے مقام پر ہوں گے۔ مرسیڈیز گاڑی پر جرمن ڈرائیور نیکو روزبرگ ہوں گے۔ سابقہ یعنی اس برس کی تیسری ریسں کے فاتح لوئیس ہملٹن کو چوتھی اور ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو آلانسو کو پانچواں مقام حاصل ہوا ہے۔

استنبول پارک کا ریس ٹریک سوا پانچ کلو میٹر سے زائد فاصلے کا ہے اور اس میں خاصے موڑ ہیں۔ یہ ایک چیلنجنگ ٹریک تصور کیا جاتا ہے۔ ریس کے دوران کل اٹھاون راؤنڈ مکمل کرنے ہوتے ہیں۔

اب تک مکمل ہونے والی تین فارمولا ون کار ریس مقابلوں میں دو میں دفاعی چیمپیئن جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل اور ایک میں سابق ورلڈ چیمپیئن لوئیس ہملٹن نے کامیابی حاصل کی تھی۔ فیٹل ڈرائیونگ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں