1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیورپ

ترکی اور یونان میں ایک بار پھر ٹھن گئی

24 مئی 2022

ترک صدر رجب طیب اردوآن نے یونانی وزیر اعظم پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے امریکہ سے ترکی کو جنگی طیارے فروخت نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ ترک صدر نے اس کی وجہ سے انقرہ اور ایتھنز کے درمیان طے شدہ مذاکرات کو منسوخ کر دیا۔

https://p.dw.com/p/4BljJ
Türkei | Präsident Recep Tayyip Erdogan
تصویر: Turkish Presidency/AP/picture alliance

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے پیر کے روز کہا کہ یونان کے رہنما نے اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران ترکی کے خلاف جس طرح کی باتیں کہی ہیں، اس پر بطور احتجاج اب وہ اپنے یونانی ہم منصب وزیر اعظم کریاکوس مٹسوٹاکس سے مزید بات نہیں کریں گے۔

ترک صدر کا کہنا ہے کہ یونانی وزیر اعظم نے امریکی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ ترکی کو ایف سولہ جنگی طیارے فروخت نہ کرے۔ انہوں نے ایتھنز پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ امریکہ میں مقیم مسلم مبلغ فتح اللہ گولن کے پیروکاروں کو اپنے ملک میں پناہ دے رہا ہے۔

یونان اور ترکی میں مذاکرات ہونے والے تھے تاہم ترک صدر نے بطور احتجاج دونوں پڑوسی ممالک کی حکومتوں کے درمیان پہلے سے طے شدہ ملاقات کو بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ترک صدر نے کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ''رواں برس ہمارے درمیان اسٹریٹجک کونسل کا اجلاس ہونا تھا۔ لیکن اب میری کتاب میں مٹسوٹاکس کہلانے والا کوئی نام نہیں ہے۔''

ان کا مزید کہنا تھا، ''میں ان کے ساتھ اس طرح کی ملاقات کبھی نہیں تسلیم کروں گا کیونکہ سیاست دان کے طور پر ہم سب اس راستے پر چلتے ہیں، جو اپنے وعدے وفا کرتے ہیں، جن کا ایک کردار ہوتا ہے اور جو عزت دار ہوتے ہیں۔''

مٹسوٹاکس کی کن باتوں سے ایردوآن غصے میں ہیں؟

یونانی وزیر اعظم کریاکوس مسٹوٹاکس نے اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران 17 مئی کو امریکی کانگریس سے خطاب کے دوران امریکہ کو متنبہ

 کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب یوکرین کے بحران جاری ہے تو ایسے وقت میں وہ مزید عدم استحکام کا نیا سبب پیدا نہ کرے۔

یونانی وزیر اعظم نے امریکی قانون سازوں سے اپنے خطاب میں کہا، ''جب ہماری توجہ روس کی جارحیت کو شکست دینے میں یوکرین کی مدد کرنے پر مرکوز ہے، ایسے وقت میں جس آخری چیز کی نیٹو کو سخت ضرورت ہے، وہ یہ ہے کہ نیٹو کے جنوب مشرقی حصے میں عدم استحکام کا ایک اور ذریعہ نہیں پنپنا چاہیے۔'' 

Türkei Ankara | Präsident Recep Tayyip Erdogan
تصویر: Murat Kula/AA/picture alliance

 انہوں نے مزید کہا، ''اور میں آپ سے یہ کہتا ہوں کہ جب آپ مشرقی بحیرہ روم سے متعلق دفاعی سودے بازی پر فیصلے کرتے ہوں تو اس بات کو بھی مدنظر رکھیں۔''

ترک صدر ایردوآن نے یونانی وزیر اعظم کے بیان پر کہا، ''ہم نے ان کے ساتھ اپنے تنازعہ میں تیسرے ممالک کو شامل نہ کرنے پر اتفاق کیا تھا، اس کے باوجود گزشتہ ہفتے، انہوں نے امریکہ کا دورہ کیا اور کانگریس میں انہیں خبردار کیا کہ وہ ہمیں ایف سولہ طیارے نہ فراہم کریں۔'' 

چونکہ ترکی نے اپنے فضائی دفاعی نظام کے لیے روسی ساخت کے ایس 400 میزائل کی خریداری کا سودا کیا تھا اس لیے امریکہ نے سن 2019 میں اپنے جدید طرز کے ایف 32 جنگی طیارے انقرہ کو فروخت کرنے کا سودا منسوخ کر دیا تھا۔ امریکہ نے اس وقت کہا تھا کہ یہ بات قابل قبول نہیں ہے کہ ترکی ایسے روسی ساختہ ہتھیار خریدے جو خاص طور پر اس کے ایف 32 طیاروں کے دفاع کے لیے تیار کیے گئے ہوں۔

ایردوآن کی حکومت اور فوج اپنی فضائیہ کو پرانے طیاروں کے بجائے اب جدید قسم کے طیاروں کو حاصل کرنے کی خواہش رکھتی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ امریکہ اسے کم سے کم ایف سولہ جنگی طیارے ہی فروخت کر دے۔

ترک صدر کے سخت رد عمل کے جواب میں نے یونانی حکومت کے ایک ترجمان یانیس ایکونمو نے کہا کہ، ''ایتھنز ترک قیادت کے ساتھ بیانات کے تصادم میں نہیں پڑنا چاہتا ہے۔''  ان کا مزید کہنا تھا، ''یونانی خارجہ پالیسی کی بنیاد تاریخ، بین الاقوامی قانون اور ہمارے مضبوط اتحاد پر قائم ہے، اس سے خواہ کچھ بہت ناراض بھی ہو سکتے ہیں، تاہم اس کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔''

یونان اور ترکی کے کشیدہ تعلقات

انقرہ اور ایتھنز دونوں ہی نیٹو کے رکن ہیں، لیکن دونوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے جو کبھی کبھار تنازعات میں پھوٹ پڑنے کا خطرہ بن جاتی ہے۔ قبرص کی حیثیت کے بارے میں، دونوں کے درمیان شدید تنازعات ہیں اور وہ پچھلے سال مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی گیس کے ذرائع پر تنازعہ کھل کر سامنے آگیا تھا۔

ترکی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یونان بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جزیرہ ایجیئن کو مسلح کر رہا ہے، تاہم ایتھنز اسے مسترد کرتا ہے۔ دونوں ملکوں میں تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششیں گزشتہ برس شروع ہوئی تھیں لیکن اس سمت میں ابھی تک کوئی زیادہ پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔

ص ز/ ج ا (اے پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

ترک لیرا کی قدر کم، بلغاریہ اور یونان کے شہریوں کی موج

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید