1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بہترواں کن فلمی ميلہ شروع ہو گیا

15 مئی 2019

دنيا کا اہم ترین فلم فیسٹیول قرار دیا جانے والا کن فلمی ميلہ چودہ مئی سے شروع ہو گیا ہے۔ اس موقع پر ڈی ڈبليو نے ايک ایسی فہرست مرتب کی ہے، جس ميں اس فلمی ميلے سے متعلق دس حقائق شامل ہیں، جو آپ کے علم میں ہونا چاہییں۔

https://p.dw.com/p/3IVq6
Cannes Film Festival 2019 | Eröffnung | Elle Fanning, Jury
تصویر: Reuters/E. Gaillard

کن ميں اس بار دکھائی گئی پہلی فلم کون سی تھی؟

اس بار کن فلم فيسٹیول کا افتتاح امريکی فلم انڈسٹری کے ايک معروف نام جم جارمُش کی نئی فلم ’دا ڈيڈ ڈونٹ ڈائی‘ يعنی ’مردے مرتے نہيں‘ سے ہوا۔ اس فلم ميں بلی مرے، ايڈم ڈرائيور، ٹِلڈا سوئنٹن اور ڈينی گلوور سميت کئی نامور امريکی اداکاروں نے کردار ادا کيے ہيں۔ اب اتنے سارے مشہور اداکار ايک ہی فلم ميں ہوں، تو یہ فلم کامیاب کيوں نہيں ہو گی۔

گولڈن پام کی ڈور ميں بيس فلميں شامل

اس فلمی ميلے کے اہم ترين ايوارڈ گولڈن پام کے ليے اس بار بيس فلميں دوڑ ميں شامل ہيں۔ مقابلہ ذرا سخت ہی ہو گا کيونکہ اس ايوارڈ کے ليے جو فلميں زير غور ہيں يا جن کے مابين  مقابلے کی توقع ہے، ان کے پيچھے کئی ممالک کے درجنوں تجربہ کار اور منجھے ہوئے نام ہيں۔ اسپين کے گرينڈ ماسٹر پيدرو المودووار اپنا نيا شاہکار پيش کر رہے ہيں تو بيلجيم سے تعلق رکھنے والے اور دو مرتبہ اس ايوارڈ کے فاتح ژاں پيئر اور لوک ڈارڈين بھی اپنی نئی کاوش کے ساتھ اس دوڑ کا حصہ ہيں۔ کن فلم فيسٹیول ميں اس بار چين، فلسطين، جنوبی کوريا اور برازيل کی فلميں بھی شامل ہيں۔

کوئنٹن ٹيرنٹينو بھی کن فمی ميلے کا حصہ

اپنے منفرد کام کے ليے مشہور ہدايتکار کوئنٹن ٹيرنٹينو بھی اس بار کن کا حصہ بنيں گے، جس پر منتظمين کافی خوش ہيں۔ ان کی نئی فلم ’وَنس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ‘ کچھ روز قبل ہی ختم ہوئی ہے۔ اس فلم ميں ليونارڈو ڈی کاپريو، بريڈ پٹ اور مارگٹ روبی نے کام کیا ہے۔

Cannes Film Festival 2019 | Eröffnung | Jury & Vorführung The Dead Don't Die
تصویر: Reuters/J.P. Pelissier

جرمن کہاں ہيں؟

جرمن فلمسازوں کے ليے گزشتہ چند برس ذرا مشکل تھے۔ انہيں کن کے فلمی ميلے ميں دعوت کم ہی دی جاتی ہے اور اس بار بھی کچھ ايسا ہی ہو رہا ہے۔ ہاں البتہ چار مختلف پروڈکشنز ميں جرمن سرمايہ ضرور لگا ہوا ہے اور وہ فلمیں کن میلے کا حصہ ہيں۔

جيوری ميں اس بار کون کون ہے؟

گولڈن پام کا اعلان پچيس مئی کو متوقع ہے۔ اس فلم فيسٹیول کی جيوری کی سربراہی اس سال ميکسيکو کے ڈائريکٹر اليخاندرو گونزالیس انريتو کر رہے ہيں۔ ديگر ججوں ميں ايل فاننگ، ميمونہ ڈيائے، ايلس روہرواخر، اينکی بلال، روبن کمپيلو، کيلی رائش ہارٹ اور خورگیس لانتھيموس شامل ہيں۔

فلمی ميلے کے موقع پر ديگر تقريبات

کن کے فلمی ميلے کے دوران جہاں ايک طرف فلمی ستاروں اور ہدايت کاروں کی محفلیں سجی ہوتی ہیں، وہيں جو فلميں اور افراد ايوارڈز کے دوڑ ميں شامل نہيں ہوتے، ان کے ليے بھی کئی تقريبات کا انعقاد کيا جاتا ہے۔

اعزازی گولڈن پام ايوارڈ

ہر سال اعزازی گولڈن پام ايوارڈ کسی ايسے اداکار یا ادکارہ کو ديا جاتا ہے، جس کے پيچھے سالہا سال کا کام ہو۔ فرانسيسی اداکار ايلاں ڈیلوں کو اس سال اعزازی گولڈن پام ايوارڈ ديا جائے گا۔ ڈیلوں سن 1935 ميں پيدا ہوئے تھے اور سن 1950 اور اس کے بعد کی دہائیوں ميں وہ سينما اسکرين کا حصہ رہے۔ اس دوران انہوں نے اسّی فلموں ميں کردار ادا کيے۔

Cannes Film Festival 2019 | Eröffnung | Charlotte Gainsbourg & Javier Bardem
تصویر: Reuters/S. Mahe

نيٹ فلکس کا تنازعہ

حاليہ چند برسوں ميں يہ فلم فيسٹیول اور اس کے منتظمين نيٹ فلکس کی پروڈکشنز کو اس ميلے ميں شامل کيے جانے کے خلاف سرگرم رہے ہيں۔ برلن اور وينس ميں منعقدہ فلمی میلوں ميں اگرچہ نيٹ فلکس کی فلميں شامل کی جاتی ہيں تاہم کن کے میلے ميں نہيں۔

ہدايت کارائیں بہت کم کیوں؟

رواں سال کن کے فلمی ميلے ميں صرف چار نماياں خواتين ہدايت کاروں کی فلميں شامل ہيں۔ اس پر جرمن اخبار ’زوڈ ڈوئچے سائٹنگ‘ نے طنزيہ طور پر اپنے ايک آرٹيکل ميں يہ بھی لکھا ہے، ’’کن ميں مردوں کا کلب، يہ ہوئی نہ ترقی۔‘‘

آخری فلم

کن میلے ميں اس بار دکھائی جانے والی آخری فلم اوليويئر نکاچے اور ايرک ٹوليڈانو کی ’ہورس نورميس‘ ہو گی۔ اس کاميڈی فلم ميں چند نئے چہروں کے ساتھ چند پرانے اور تجربہ کار اداکار بھی شامل ہيں۔

ع س / م م، نيوز ايجنسياں