بھارتی ایئرلائن انڈیگو کی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر
12 جنوری 2011ایئر بس بنانے والی طیارہ ساز کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تجارتی ہوا بازی کی تاریخ میں یہ کسی بھی ایک فرم کی طرف سے طیاروں کی خریداری کا سب سے بڑا آرڈر ہے۔ کم قیمت ٹکٹوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والی اس ائیر لائن نے جس سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں، اس کے تحت جدید ترین ایئر بس اے 320 طیارے خریدے جائیں گے۔ ان جدید ہوائی جہازوں میں ایسے انجن نصب کئے جائیں گے، جو زیادہ سے زیادہ تیل کی بچت کریں گے۔ انڈیگو وہ پہلی کمپنی ہے جو یہ جدید ترین ہوائی جہاز خریدنے جا رہی ہے۔ ان ہوائی جہازوں کی ترسیل 2016ء سے شروع ہوگی۔ انڈیگو کے بانی راکیش گنگوال کا کہنا ہے کہ کم ایندھن خرچ کرنے والے ان ہوائی جہازوں کی خرید سے انہیں کم کرائے والی ٹکٹوں کی پیشکش جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔ یہ ہوائی جہاز 15 فیصد تک تیل کی بچت کریں گے، جس کے ماحول پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔
گنگوال کا کہنا ہے، ’نئے ہوائی جہازوں کا آرڈر بھارت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے دیا گیا ہے۔ ہم نے یہ فیصلہ اس لئے بھی کیا ہے کہ نہ صرف تیل کی بچت ممکن ہوگی بلکہ یہ طیارے ماحول دوست بھی ہیں۔‘
ایئربس کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے انڈیگو کمپنی کو بھارتی ہوائی سفر کی صنعت میں ایک مضبوط پوزیشن حاصل ہو جائے گی۔ ان کا کہنا ہے،’اس معاہدے سے متوقع طور پر انڈیگو مزید کامیابیوں کی طرف گامزن ہو جائے گی اور ہمیں خوشی ہے کہ یہ ہوائی کمپنی مستقبل کی تعمیر کے لئے ہمارے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔‘
ایئربس کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اب تک 4500 طیارے 310 مختلف ایئر لائنز کو فروخت کر چکے ہیں، جبکہ تیرہ سو مزید ہوائی جہازوں کی تیاری کے آرڈر انہیں مل چکے ہیں۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: افسر اعوان