1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں تین جنگجو ہلاک

19 فروری 2020

بھارتی پولیس کے مطابق کشمیر میں سکیورٹی اہلکاروں اور جنگجوؤں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں تین جنگجو ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں حزب المجاہدین کا ایک مبینہ کمانڈر بھی شامل ہے۔

https://p.dw.com/p/3XzVI
Indien Kashmir Unruhen Soldaten
تصویر: Reuters

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس نے تین مشتبہ باغیوں کو ہلاک کر دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق یہ واقعہ آج انیس فروری بروز بدھ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پیش آیا۔

نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے بھارتی سکیورٹی فورسز کے حوالے بتایا ہے کہ پلوامہ میں جنگجوؤں کی موجودگی کے بارے میں خفیہ معلومات ملنے کے بعد بھارتی فوج اور مقامی پولیس کی ایک ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کر رکھا تھا۔

برطانوی رکن پارليمان کو بھارت ميں داخلے سے روک ديا گيا

مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے اپنا نام خفیہ رکھنے کی شرط پر ڈی پی اے کو بتایا کہ اس سرچ آپریشن کے دوران جنگجوؤں نے بھارتی فوج اور پولیس کی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران یہ تینوں افراد مارے گئے۔

اس پولیس اہلکار کا کہنا تھا، ''ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کی شناخت کشمیر میں سرگرم ایک بڑی عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے ارکان کے طور پر کی گئی ہے۔ مرنے والوں میں جہانگیر رفیق وانی بھی شامل ہے، جو اس تنظیم کا ایک علاقائی کمانڈر تھا۔‘‘

بھارتی سکیورٹی فورسز نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ فائرنگ کے بتادلے کی جگہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دستی بم بھی ملے ہیں۔

گزشتہ برس پانچ اگست کے روز بھارت کے ‍زیر انتظام جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے مودی حکومت کے فیصلے کے بعد سے اس متنازعہ علاقے میں سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں۔ تب سے لے کر اب تک جموں و کشمیر میں بھارت نے عملی طور پر لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔

کشمیر کی صورتحال پرگہری تشویش ہے، انتونیو گوٹیرش

کشمیر میں عسکریت پسندی کا آغاز سن اسی کی دہائی میں ہوا تھا اور تب سے اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بھارت کا الزام ہے کہ پاکستان کشمیری جنگجوؤں کی معاونت کرتا ہے تاہم پاکستان ایسے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں مقامی افراد اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

ش ح / م م (ڈی پی اے)