1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک درجن ہلاک

14 اکتوبر 2019

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک رہائشی بلڈنگ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے کم از کم بارہ افراد مارے گئے ہیں۔ اس حادثے میں کئی افراد کے ملبے تلے دب کر زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3REYj
Indien Batala Explosion in Fabrik
تصویر: picture-alliance/AP/P. Gill

بھارت کی گنجان آباد شمالی ریاست اتر پردیش کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک گاؤں میں کھانا پکانے والے گیس سلنڈر کے پھٹنے کے واقعے کی خصوصی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ایک درجن نعشوں اور کئی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بعض افراد جھلسے ہوئے بھی ہیں۔

پولیس کے مطابق گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ اتر پردیش کے ضلع ماؤ کے ایک گاؤں ولید پور میں ہوا۔ گیس کا سلنڈر ایک دو منزلہ عمارت میں پھٹا۔ یہ عمارت سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے زوردار دھماکے کو برداشت نہ کرسکی اور گر گئی۔ منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس اور مقامی افراد کے مطابق عمارت کے گرنے سے کئی افراد ملبے میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا کہ عمارت میں سلنڈر پھٹنے کے بعد آگ نہیں بھڑکی ورنہ ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی تھی۔

Indien Batala Explosion in Fabrik
بھارت میں غیر محفوظ عمارتوں کی بہتات ہے اور ان کے منہدم ہونے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیںتصویر: picture-alliance/AP/P. Gill

عمارت کا ملبہ ہٹانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی مصروف ہے۔ قریبی مکانات کے افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ نے ولید پور میں سلنڈر پھٹنے اور عمارت کے گرنے کے واقعے کی انکوائری جلد مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

یہ امر اہم ہے کہ بھارت میں غیر محفوظ عمارتوں کی بہتات ہے اور مختلف حالات میں ان کے منہدم ہونے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔ خاص طور پر مون سون کے موسم میں شدید بارشوں کے دوران مخدوش اور کمزور مکانات اور رہائشی عمارتوں کے گرنے کا خطرہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔

ع ح ⁄ ک م (ڈی پی اے)

ممبئی میں مسلمانوں کی بستی، ممبرا