1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں مسلم شہری کی ہلاکت، گیارہ افراد گرفتار

25 جون 2019

بھارت میں گیارہ افراد کو ایک مسلم شہری کو تشدد کرنے اور اس سے زبردستی ہندو مذہبی نعرے لگوانے کے جرم میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3L4QW
تصویر: DW/S. Mishra

نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق دو پولیس اہلکاروں کو بھی تبریز انصاری نامی مسلم نوجوان پر تشدد کو روکنے پر ناکامی پر نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے۔ انصاری پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ اس ویڈیو میں انصاری کو روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب بھارت کے علاقے جھارکنڈ میں مشتعل افراد اسے 'جے شری رام‘ بولنے کا کہہ رہے ہیں۔

چوبیس سالہ انصاری پر اس گاؤں والوں کی جانب سے چوری کا الزام لگایا گیا تھا۔ اسے ایک کھمبے سے باندھا گیا اور قریب بارہ گھنٹے تک اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ بارہ گھنٹے تشدد سہنے کے بعد پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لیا اور اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

سیراکیلا علاقے کے پولیس چیف نے اے ایف پی کو بتایا، ’’ہم نے گیارہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے، دو پولیس اہلکاروں کو معذول کر دیا ہے کیوں کہ انہوں نے اس معاملے کے بارے میں سینئر افسران کو آگاہ نہیں کیا اور خود ہی مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی۔‘‘ میڈیا پر شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق انصاری کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ پولیس اسے ہسپتال لے جانے کے بجائے پہلے جیل لے گئی جو اس کی موت کی وجہ بنا۔

بھارت میں مسلمانوں پر تشدد

یہ خبر ایک ایسے وقت میں منظر عام پر آئی ہے جب بھارت نے امریکی محکمہء خارجہ کی اس رپورٹ کو مسترد کیا ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں بھارت میں اقلیتوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت میں گائے کو تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے ہندو انتہا پسند مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بھارت میں بھی ایسی آوازیں اٹھ رہی ہیں جو حکومت کو اقلیتوں کے خلاف تشدد کا ذمہ دار ٹہرا رہی ہیں۔

بھارت کے وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی کا کہنا ہے،'' ایسے واقعات میں ملوث افراد کا صرف ایک مقصد ہے، وہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ مثبت ماحول کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ بی جے پی کی مخالف سیاسی جماعت کانگریس کا کہنا ہے کہ حکومت مسلمان اور دیگر اقلیتیوں کو تحفظ پہنچانے میں ناکام ہو گئی ہے۔

ب ج، ع ا (اے ایف پی)