1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بگ برادر‘ نے خاتون کو نازیبا مواد دیکھنے پر مجبور کیا

3 دسمبر 2019

عالمی شہرت يافتہ ریئيليٹی شو ’بگ برادر‘ کے ہسپانوی ايڈيشن میں شریک ايک خاتون کو اپنے ساتھ کی گئی جنسی زیادتی دیکھنے پر مجبور کیا گیا۔ خاتون کو اس واقعے کی اطلاع ریکارڈنگ دیکھنے کے دوران ملی۔

https://p.dw.com/p/3U9dD
Spanien |  Eine Demonstrantin mit einem feministischen Symbol im Gesicht
تصویر: imago/ZUMA Press/J. Merida

اس خاتون کا نام کالوٹا پرادو ہے۔ اُس کے ساتھ جنسی زیادتی کے مناظر ايسے وقت فلمائے گئے، جب وہ گہرے نشے کی حالت میں تھی۔ اُسے واقعے کے بارے ميں کئی گھنٹے بعد ڈائری روم میں ویڈیو فوٹیج دیکھتے وقت پتہ چلا۔ اس واقعے کی خبر جیسے ہی منظر عام پر آئی، تو چالیس سے زائد اشتہاری کمپنیوں نے اس ریئيليٹی شو کے ليے اپنے اشتہارات بند کرنے کا اعلان کیا۔ برطانوی اخبارات ٹیلی گراف اور انڈی پینڈنٹ سمیت دیگر ذرائع ابلاغ نے بھی اسے رپورٹ کیا۔
چار نومبر سن 2017 کو خاتون کارلوٹا پیدرو کو ایک شخص ہوزے ماریا لوپیز ’بگ برادر ہاؤس‘ میں ہونے والی شراب پارٹی کے بعد مدد کرتے ہوئے بیڈ پر لے کر گیا اور وہاں اُس نے زیادتی کی کوشش کی۔ اس شو میں خاتون کو لوپیز ہی کے ساتھ تعلقات استوار کرنے تھے۔
اس ویڈیو کو دیکھنے سے پہلے کارلوٹا پیدرو کو یہ علم نہیں تھا کہ ان کے ساتھ ایک رات قبل یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ فوٹیج کی روشنی میں ہوزے ماریا لوپیز کو شو سے فارغ کر دیا گیا۔ دوسری جانب لوپیز نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ ان کے وکیل نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ساری رات ان کے مؤکل نشے میں دھت خاتون کی نگہداشت کرتے رہے تھے۔

Big Brother Awards Logo
تصویر: Big Brother Awards

خاتون نے روتے ہوئے ویڈیو کو روکنے کی گزارش کی لیکن ’بگ برادر‘ کے پروڈیوسر کی جانب سے انہیں ویڈیو دیکھنے پر مجبور کیا گیا۔  شو کے یہ مناظر ٹی وی پر نشر نہیں کیے گئے۔ اس خاتون سے اس غیر مناسب سلوک کی خبر اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے عام ہوئی۔  
اس شو کو پروڈیوس کرنے والے گروپ نے تسلیم کیا ہے کہ کسی ماہر نفسیات کی غیر موجودگی میں متاثرہ خاتون کو ایسی ویڈیو دکھانا ایک غلطی تھی۔ اس گروپ کی جانب سے اس عمل پر شرمندگی کا اظہار بھی کیا گیا۔ بعد میں متاثرہ خاتون کو نفسیاتی مدد فراہم کی گئی اور اُس نے کئی دن ہوٹل میں گزارے۔ اندرونی صدمے سے باہر نکلنے کے بعد وہ شو مین دوبارہ شریک بھی ہوئی۔ خاتون نے اس واقعے کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کرائی تھی۔
ہسپانوی قانون کے تحت جنسی زیادتی سگين جرم ہے اور اس کی سزا پندرہ سے بیس برس تک ہو سکتی ہے۔