1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بٹکوائن کو مزید گراوٹ کا سامنا

20 مئی 2021

کرپٹو کرنسی میں کاروبار یا لین دین پر چین نے پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کے بعد پہلے سے بٹکوائن کی زوال پذیر قدر مزید گر گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3tfcy
Bitcoin
تصویر: STRF/STAR MAX/IPx/picture alliance

چین سن 2019 میں کرپٹو کرنسی کو غیر قانونی قرار دے چکا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس پابندی کی بنیادی وجہ بیجنگ حکومت کے نزدیک منی لانڈرنگ کے عمل میں تیزی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس پابندی کے باوجود چینی باشندوں میں کرپٹو کرنسی حاصل کرنے کے شوق میں کمی نہیں ہوئی۔ نئی حکومتی اعلان امکانی طور پر اسی تناظر یعنی منی لانڈرنگ کی حوصلہ شکنی کے تناظر میں ہو سکتا ہے۔ چینی حکومت کے اعلان کے بعد بدھ کو انٹرنیشنل کاروباری منڈیوں میں بٹکوائن کی قدر میں مزید کمی دیکھی گئی۔

ایک بٹ کوائن کی قیمت بیس ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی

عالمی منڈی میں بٹکوائن کی گرتی قدر

کرپٹو کرنسی کی دنیا میں سب سے معتبر کرنسی بٹکوائن قرار دی جاتی ہے۔ چینی حکومتی اعلان سے قبل ایک بٹکوائن کی قدر پینتالیس ہزار چھ سو ڈالر تھی اور بیجنگ کی نئی پابندی کے بعد اس کی قدر میں قریب سات ہ‍زار کی کمی ہوئی۔ اس کی اب قدر اڑتیس ہزار پانچ سو ستر ڈالر ہے۔

Symbolbild Dogecoin
کرپٹوکرنسیوں میں ایک ڈوجیکوائین بھی خاصی معتبر خیال کی جاتی ہےتصویر: STRF/STAR MAX/IPx/picture alliance

رواں برس فروری کے بعد بٹکوائن کی یہ سب سے کم قدر ہے۔ بدھ انیس مئی کو اس کی قدر گر کر چونتیس ہزار پر بھی پہنچ گئی تھی لیکن بعد میں تجارتی سرگرمیوں میں تھوڑی تیزی پیدا ہونے سے اس کی قدر میں اضافہ ہوا تھا۔

بِٹ کوائن کی مقبولیت می‍ں غیرمعمولی اضافہ

دوسری کرپٹو کرنسیوں کی قدر بھی کم 

بٹکوائن کی قدر میں کمی سے پیدا ہونے والے منفی رجحان نے دوسری کرپٹو کرنسیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس باعث دوسری کرپٹو کرنسیوں ایتھریم اور ڈوجیکوئین نے بھی قدر گنوائی۔ ایتھریم کی قدر میں پچیس فیصد کی کمی ہوئی جب کہ ڈوجیکوئین کی قیمت میں انتیس فیصد تک کمی دیکھی گئی۔ اس گرواٹ نے کاروباری حلقے کو بھاری نقصان پہنچایا۔

کرپٹو کرنسیوں کی قدر میں کمی کا رجحان دو ہفتے قبل ایلون مسک کے اعلان کے بعد سے جاری ہے۔ الیکٹرک کار ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک نے اپنے کاروبار میں ان کرنسی کا استعمال روک دیا ہے اور اس باعث کرپٹو کرنسیوں کی قدر میں دس فیصد کی کمی ہو گئی تھی۔

دنیا بھر میں ڈیجیٹل کرنسی کی دوڑ، چین سب سے آگے

بٹکوائن بارے بیجنگ کا انتباہ

کرنسیوں کی قدر کے نگران چینی ادارے نے  مفروضوں کی بنیاد پر کرپٹو کرنسی بٹکوائن کے لین دین کو ایک ایسا فعل قرار دیا جو ملکی مالیاتی نظام کے لیے شدید نقصان کا باعث ہو سکتا ہے۔ پیپلز بینک نے اپنے بیان میں کہا کہ بٹکوائن کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کی کیفیت ملکی اقتصاد کے لیے بھی سود مند نہیں ہے اور یہ لوگوں کے اثاثوں کے لیے بھی ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

Symbolbild Dogecoin
چین نے کرپٹو کرنسی کو حقیقی کرنسی تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہےتصویر: STRF/STAR MAX/IPx/picture alliance

چینی مرکزی بینک کے بیان میں بٹکوائن کی جانب راغب افراد کو متنبہ کیا گیا اس کے لین دین میں ہونے والے نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے اور ملکی ادارے کسی ذمہ داری کو قبول نہیں کریں گے۔

پاکستان: معاشی بے یقینی اور کریپٹو کرنسی کے استعمال میں اضافہ

پیپلز بینک نے یہ بھی واضح کیا کہ ورچوئل کرنسی کسی بھی طور پر حقیقی کرنسی قرار نہیں دی جا سکتی اور نا ہی وہ اس کا متبادل ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ کاروباری حلقوں یعنی مارکیٹ میں کرپٹو کرنسی ایک حقیقی کرنسی کے طور پر بھی قبول نہیں کی جا سکتی۔

ع ح، ع ا (اے ایف پی، روئٹرز)