1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بورس جانسن نے شادی کر لی

30 مئی 2021

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنی منگیتر کیری سائمنڈز کے ساتھ آخری وقت تک خفیہ رکھی جانے والی ایک تقریب میں شادی کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/3uBYg
London Hochzeits-Foto Boris Johnson und Carrie Symonds
تصویر: Rebecca Fulton/Downing Street/PA/dpa/picture alliance

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنے منگیتر کیری سائمنڈز کے ساتھ شادی کر لی ہے۔ ان کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ شادی کی سادہ سی تقریب ہفتے کے دن ویسٹ منسٹر کیتھیڈرل میں منعقد کی گئی، جس میں چیدہ چیدہ شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔

آج اتوار 30 مئی کو برطانوی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ''وزیر اعظم اور محترمہ سائمنڈز نے گزشتہ روز سہ پہر میں ویسٹ منسٹر کیتھڈرل میں ہونے والی ایک تقریب میں شادی کر لی۔‘‘ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ جوڑا اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ آئندہ موسم گرما میں شادی کا جشن منائیں گے۔

چھبپن سالہ جانسن 2019ء میں وزیر اعظم بننے کے بعد سے تینتس سالہ کیری سائمنڈز کے ساتھ 10 ڈاوننگ سٹریٹ میں اکٹھے رہ رہے ہیں۔ اس جوڑے نے گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ انہوں نے منگنی کر لی ہے اور ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ جانسن اور کیری سائمنڈز کے ہاں اپریل میں بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام ولفریڈ لاری نکولس جانسن رکھا گیا۔

شادی کی تقریب خفیہ رکھی گئی

شادی کی اس تقریب کو آخری وقت تک خفیہ رکھا گیا جبکہ اطلاعات ہیں کہ جانسن کے قدامت پسند پارٹی سے تعلق رکھنے والے قریبی ساتھیوں کو بھی آخری وقت تک اس شادی کی تقریب کے بارے میں علم نہیں تھا۔

Großbritannien Carrie Symonds und Boris Johnson
چھبپن سالہ جانسن 2019ء میں وزیر اعظم بننے کے بعد سے تینتس سالہ کیری سائمنڈز کے ساتھ 10 ڈاوننگ سٹریٹ میں اکٹھے رہ رہے ہیںتصویر: Matt Dunham/AP/picture alliance

خیال رہے کہ کووڈ کی وبا کے سبب برطانیہ میں لگی پابندیوں کے مطابق شادی کی تقریب میں زیادہ سے زیادہ 30 تک مہمان شرکت کر سکتے ہیں۔

ہفتے کے دن ویسٹ منسٹر کیتھڈرل کو دن قریب ڈیڑھ بجے اچانک بند کر دیا گیا جس کے قریب 30 منٹ بعد کیری سائمنڈز ایک لیموزین میں وہاں پہنچیں۔ انہوں نے شادی کا لمبا سفید جوڑا پہن رکھا تھا تاہم انہوں نے نقاب نہیں لگایا ہوا تھا۔

بورس جانسن کی دیگر شادیاں اور تعلقات

بورس جانسن اس سے قبل بھی دو بار شادی کر چکے ہیں۔ انہیں ایک بار کنزرویٹیو پارٹی کی پالیسی ٹیم سے اس وجہ سے الگ کر دیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے شادی کے علاوہ اپنے تعلقات کے بارے میں جھوٹ بولا تھا۔ دو بار طلاق کے بارے میں تو سب جانتے ہیں تاہم بورس جانسن یہ بتانے سے انکاری ہیں کہ ان کے بچوں کی تعداد کتنی ہے۔

بورس جانسن کی سابق شادی ایک وکیل مارینا ویلر کے ساتھ تھی۔ ان دونوں کے چار بچے بھی ہیں۔ تاہم انہوں نے ستمبر 2018ء میں اعلان کیا تھا کہ وہ الگ ہو چکے ہیں۔

ا ب ا / ع ب (روئٹرز، اے پی)