1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش: کشتی ڈوبنے سے 25 ہندو یاتری ہلاک

26 ستمبر 2022

گنجائش سے زیادہ مسافروں سے سوار ایک کشتی کارٹوا ندی میں غرقاب ہونے سے کم از کم 25 ہندو یاتری ہلاک ہوگئے جو ایک مندر میں پوجا کے لیے جا رہے تھے۔ بنگلہ دیش میں کشتیوں کے ڈوبنے سے ہر برس سینکڑوں افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4HKiz
Bangladesch I Hoffnung für Klimaflüchtlinge
تصویر: Zakir Hossain Chowdhury/AA/picture alliance

یہ حادثہ اتوار کے روز شمالی بنگلہ دیش کے بوڈا قصبے کے قرب کارٹوا ندی میں پیش آیا۔ کشتی پر گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔ وہ ہندووں کے تہوار مہالیہ کے موقع پرصدیوں پرانے ایک مندر میں پوجا کے لیے جا رہے تھے۔

شمالی پنچ گڑھ کے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹر ظہورالاسلام نے بتایا کہ اب تک 25 لاشیں برآمد ہوچکی ہیں ان میں 12 خواتین اور آٹھ بچے شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ "بچاو اور تلاشی کا کام جاری ہے"۔  ہلاک ہونے والے بیشتر افراد مہالیہ کے موقع پر ایک مندر میں پوجا کے لیے جارہے  تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاپتہ افراد کی حقیقی تعداد کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم مسافروں کے مطابق کشتی پر 70 سے زائد افراد سوار تھے۔

بعض اطلاعات کے مطابق کشتی پر تقریباً 100 افراد سوار تھے۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ کچھ مسافر تیر کر ساحل پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

ظہور الاسلام نے بتایا کہ حادثے کی تفتیش کے لیے ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

بنگلہ دیش میں کشتی کے حادثات میں ہر سال سینکڑوں افراد ہلاک ہوجاتے ہیں
بنگلہ دیش میں کشتی کے حادثات میں ہر سال سینکڑوں افراد ہلاک ہوجاتے ہیںتصویر: Habibur Rahman/ABACA/abaca/picture alliance

ہمیں اب تک کیا معلوم ہے؟

مقامی پولیس کے سربراہ ایس ایم سراج الہدیٰ نے بتایا کہ گنجائش سے زیادہ بھری کشتی سہ پہر کو اس وقت حادثے کا شکار ہو گئی جب وہ کارٹوا ندی کے دوسری طرف واقع ایک ہندو مندر کی طرف جا رہی تھی۔

ایک مقامی ٹی وی چینل پر نشر،موبائل فون سے لی گئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی کشتی اچانک الٹ گئی جس سے لوگ پانی میں گر پڑے۔

حالانکہ حکام نے حادثے کی وجہ ابھی نہیں بتائی ہے تاہم جس وقت حادثہ پیش آیا موسم پرسکون تھا۔ حادثے کا شکار کشتی پر سوار افراد بودیشوری مندر جا رہے تھے۔ اتوار کا دن بالخصوص بنگلہ دیش اور مشرقی بھارت کے ہندووں کے سب سے بڑا مذہبی تہوار درگا پوجا یا دسہرا کا پہلا دن تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ناقص حفاظتی ضابطے اور کشتیوں کے خراب رکھ رکھاو ہلاکت خیز حادثات کے اہم اسباب ہیں
ماہرین کا کہنا ہے کہ ناقص حفاظتی ضابطے اور کشتیوں کے خراب رکھ رکھاو ہلاکت خیز حادثات کے اہم اسباب ہیںتصویر: Habibur Rahman/ABACA/abaca/picture alliance

بنگلہ دیش میں ایسے حادثات عام ہیں

بنگلہ دیش میں کشتی کے حادثات میں ہر سال سینکڑوں افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔ اتوار کے روز جس طرح کا حادثہ پیش آیا ایسے حادثات وہاں عام ہیں۔

گزشتہ دسمبر میں ایک کثیر منزلہ کشتی میں آگ لگ جانے سے کم از کم 40 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جبکہ دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب ایک کشتی اور جہاز میں ٹکر ہوجانے سے کشتی ڈوب گئی تھی اور اس پرسوار 34 افرادغرقاب ہوگئے تھے۔

بنگلہ دیش: کشتی حادثے میں متعدد افراد ہلاک

بنگلہ دیش: کشتی حادثے میں 26 افراد ہلاک

روہنگیا مہاجرین کی کشتی الٹ گئی، کم از کم 12 افراد ہلاک

تاہم حالیہ برسوں میں سب سے بدترین حادثہ  فروری 2015 میں پیش آیا تھا جب حد سے زیادہ بھری ہوئی کشتی ایک کارگو جہاز سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گئی تھی۔ اس پر سوار کم از کم 78 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ناقص حفاظتی ضابطے اور کشتیوں کے خراب رکھ رکھاو ان ہلاکت خیز حادثات کے اہم اسباب ہیں۔

ج ا/ص ز (اے ایف پی، روئٹر، اے پی)