1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش میں چودہ افراد کو سزائے موت

24 مارچ 2021

قصورواروں پر وزیر اعظم کو قتل کرنے کا منصوبہ بنانے کا الزام تھا۔ اس کیس کا تعلق اس وقت سے ہے جب شیخ حسینہ پہلی بار وزير اعظم کے عہدے پر فائز ہوئی تھیں۔

https://p.dw.com/p/3r20r
Bangladesch Dhaka Sheikh Hasina
تصویر: Xinhua News Agency/picture alliance

 ڈھاکہ کی ایک خصوصی عدالت نے منگل 23 مارچ کو ان چودہ عسکریت پسندوں کو موت کی سزا سنا دی جن پر بیس برس قبل وزیر اعظم شیخ حسینہ کو قتل کرنے کی ناکام کوشش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

بھارتی اخبار 'ٹائمز اف انڈیا' کی ایک خبر کے مطابق عدالت میں جج ابو ظفر محمد قمرالزمان نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا،  '' اس فیصلے پر فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے عمل کیا جائے تاکہ ایک مثال قائم ہو سکے۔''

اس کیس میں پانچ ملزمان مفرور ہیں جب کہ نو ملزمان عدالت میں موجود تھے اور عدالت نے انہیں کے سامنے فیصلہ سنایا۔ سرکاری وکیل عبداللہ بھوئلیان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں کہا کہ عدالت نے سبھی چودہ ملزموں کو بغاوت اور مجرمانہ سازش کا قصوروار ٹھہرایا تھا۔

انہوں نے بنگلہ دیش میں سلسلہ وار بم دھماکوں کے لیے مورد الزام ٹھہرائے جانی والی ایک ممنوعہ شدت پسند تنظیم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا،  ’’وہ شدت پسند ہیں جن کا تعلق حرکت الجہاد الاسلامی سے ہے۔‘‘

مدرسے میں سیکس ایجوکیشن

حسینہ ان کے نشانے پر کیوں تھیں؟

مسلم شدت پسند تنظیمیں مبینہ طور پر شیخ حسینہ کے سیکولر موقف سے نالاں تھیں۔ ان پر کئی بار حملوں کی کوششیں کی گئی اور سن 2000 کے بم حملے کی سازش بھی اسی کڑی کا ایک حصہ تھی۔ حرکت الجہاد الاسلامی مسلم اکثریتی ملک بنگلہ دیش میں اسلامی قوانین کے نفاذ کی وکالت کرتی ہے۔

شدت پسندوں نے ایک کالج میں دو بم نصب کیے تھے جہاں شیخ حسینہ کو ایک ریلی سے خطاب کرنا تھا لیکن ان بموں کو وقت پر ناکارہ بنا دیا

 گیا تھا۔ اسی کے بعد سے بنگلہ دیش کی حکومت نے ایسے شدت پسندوں کا تعاقب اور ان کے خلاف کارروائیاں شروع کیں۔

سکیورٹی فورسز اب تک ایسے مشتبہ سو سے بھی زیادہ افراد کو ہلاک کر چکی ہیں جبکہ ایک ہزار سے بھی زیادہ کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔  

شیخ حسینہ سن 2018 میں بھی مسلسل تیسری بار انتخابات میں کامیاب ہوئی تھیں اور اس طرح وہ چوتھی بار وزارت عظمی کے عہدے پر فائز ہوئیں۔ تاہم ملک کی اپوزیشن جماعتیں ان پر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بھی عائد کرتی رہی ہیں۔

ص ز/ ج ا   (اے پی اے، ایف پی) 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں