1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا نواں میچ ڈے، بریمن کے خلاف ڈورٹمنڈ کی فتح

15 اکتوبر 2011

فیڈرل جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے جمعے کی رات ہونے والے واحد میچ میں بوروسیا ڈورٹمنڈ نے ویردر بریمن کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/12sSS
ڈورٹمنڈ کا گول کیپر بریمن کی ٹیم کے ایک خطرناک حملے کو ناکام بناتے ہوئےتصویر: dapd

اس طرح اب ڈورٹمنڈ کی ٹیم کے پوائنٹس بھی ویردر بریمن کی ٹیم کی طرح 16 ہو گئے ہیں اور کم از کم آج ہفتے کی شام موجودہ میچ ڈے کے اگلے مقابلوں تک ڈورٹمنڈ پوائنٹس ٹیبل پر اول نمبر کی ٹیم بائرن میونخ کے بعد مجموعی طور پر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

Fussball Werder Bremen - Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ اور بریمن کے کھلاڑیوں کے درمیان بال حاصل کرنے کی کشمکشتصویر: dapd

اب بریمن کی ٹیم بھی، جو جمعے کی رات اپنا میچ جیت کر بائرن میونخ کے برابر آ سکتی تھی، ڈورٹمنڈ کی طرح بائرن میونخ سے تین پوائنٹس پیچھے ہے۔ بائرن میونخ کی ٹیم اب تک کھیلے گئے آٹھ میچوں میں سے چھ جیت چکی ہے۔ اس نے صرف ایک میچ ہارا اور ایک برابر رہا جبکہ مجموعی طور پر اس کے پوائنٹس کی تعداد 19 بنتی ہے۔

جمعے کی رات کھیلے گئے بنڈس لیگا کے نویں میچ ڈے کے واحد مقابلے میں ڈورٹمنڈ کی طرف سے پہلا گول ایوان پیریزچ نے کھیل کے پہلے ہاف کے 42 ویں منٹ میں کیا۔ دوسرے ہاف کے شروع کے لمحات میں وہ 47 ویں منٹ میں میدان سے باہر بھیج دیے گئے اور ڈورٹمنڈ کی ٹیم کو یہ قریب سارا ہاف دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔

اس کے باوجود بوروسیا ڈورٹمنڈ کی ٹیم کھیل پر چھائی رہی اور اس نے دوسرے ہاف میں دوسرا گول کر کے بریمن کے خلاف اپنی فتح کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے یقینی بنا لیا۔ بریمن کے خلاف ڈورٹمنڈ کی طرف سے دوسرا گول پیٹرک اووُموژیلا نے 72 ویں منٹ میں کیا، جو ماضی میں بریمن ہی کی طرف سے کھیلتے رہے ہیں۔ موجودہ سیزن میں بریمن کی ٹیم کی اپنی ہوم گراؤنڈ پر یہ پہلی شکست ہے۔

Ivan Perisic Fußballer Borussia Dortmund NO FLASH
بریمن کے خلاف پہلا گول کرنے والے ڈورٹمنڈ کے فارورڈ کھلاڑی پیریزچ، بائیں، فائل فوٹوتصویر: AP

آج ہفتے کے روز بنڈس لیگا کے جو چھ میچ کھیلے جائیں گے، ان میں بائرن میونخ کا مقابلہ ہیرتھا برلن سے ہو گا۔ اس میچ میں اگر بائرن میونخ کی ٹیم کامیاب رہی، تو پوائنٹس ٹیبل پر اس کی موجودہ برتری تین سے بڑھ کر چھ ہو سکتی ہے۔ دیگر میچوں میں مائنز کا مقابلہ آؤگسبرگ سے، شٹٹ گارٹ کا ہوفن ہائم سے، وولفسبرگ کا نیورمبرگ سے، بوروسیا مؤنشن گلاڈ باخ کا بائر لیور کوزن سے اور شالکے کا مقابلہ کائزرز لاؤٹرن سے ہو گا۔

کل اتوار کو موجودہ میچ ڈے کے آخری دن دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں فرائی برگ کی ٹیم ہیمبرگ کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ کولون کی ٹیم کا سامنا ہینوور سے ہو گا۔

اب تک آٹھ آٹھ میچ کھیل چکنے کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخر میں آؤگسبرگ اور ہیمبرگ کی ٹیمیں ہیں، جن کے پوائنٹس کی تعداد چار چار بنتی ہے۔ ان میں سے بھی ہیمبرگ کی ٹیم کی حالت زیادہ خراب ہے، جو چھ میچ ہار چکی ہے اور اس وقت 18 ویں نمبر پر ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک / خبر رساں ادارے

ادارت: شامل شمس