1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس ليگا کے ميچز پھر سے شروع: شائقين غائب، اسٹيڈيم خالی

12 مئی 2020

جرمن قومی فٹ بال ليگ بنڈس ليگا آئندہ ہفتے سے شروع ہو رہی ہے۔ يہ ميچ خالی اسٹيڈيمز ميں کھيلے جائيں گے اور حکام نے مداحوں اور شائقين پر زور ديا ہے کہ وہ اسٹيڈيمز کے باہر بہت زيادہ تعداد ميں جمع نہ ہوں۔

https://p.dw.com/p/3c7Yq
Fußball SV Werder Bremen BVB Borussia Dortmund
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Fromme

نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر ميں دو ماہ قبل جرمنی ميں بنڈس ليگا کے تمام ميچز منسوخ کر ديے گئے تھے۔ اب سولہ مئی سے جرمن قومی فٹ بال ليگ کے ميچز دوبارہ شروع ہو رہے ہيں۔ حکام نے خبردار کيا ہے کہ اگر بہت زيادہ تماشائی اسٹيڈيم کے باہر جمع ہوئے، تو ميچ روک ديے جائيں گے۔ ميچ کے دوران شائقين کا اسٹيڈيم ميں داخلہ ممنوع ہے۔ ليکن سوال يہ پيدا ہوتا ہے کہ کيا جرمن شائقين فٹ بال اسٹيڈيم سے دور رہ پائيں گے؟

ہفتے کو ابتدائی ميچ صوبہ سيکسنی ميں آر بی لائپزگ کا مقابلہ فرائیبرگ سے ہو گا۔ صوبے کے وزیر داخلہ رولانڈ ووئلر نے تنبيہ جاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا، ''فٹ بال شائقين بند دروازوں کا بہانہ بنا کر اسٹيڈيم کے باہر يا ديگر مقامات پر جمع نہ ہوں۔‘‘ انہوں نے تنبيہ کی کہ ايسی ممکنہ صورت ميں ميچز روکے جا سکتے ہيں۔

ايسے تحفظات جائز بھی ہيں۔ اسٹيڈيم ميں تماشائيوں کی غير موجودگی ميں آخری ميچ گيارہ مارچ کو ميونشن گلاڈ باخ اور کولون کی ٹيموں کے مابين کھيلا گيا تھا۔ اس وقت اسٹيڈيم کے باہر سينکڑوں شائقين جمع ہو گئے تھے۔

اب ٹيميں اپنے مداحوں سے اپيل کر رہی ہيں کہ وہ احتياط برتيں۔ آئن تراخت فرينکفرٹ نے شائقين سے اپيل کی ہے کہ وہ اسٹيڈيم کا رخ نہ کريں۔ ہفتے کو فرينکفرٹ اور ميونشن گلاڈ باخ کی ٹيموں کے درميان ميچ بھی ہفتے کو ہی کھيلا جائے گا۔

بنڈس ليگا کو وسيع تر اقدامات کے بعد شروع کيا جا رہا ہے۔ کھلاڑيوں کے ٹيسٹ، عملے کے ديگر ارکان کے معائنے وغيرہ کے بعد دوبارہ شروع ہونے والے ميچز اگر شائقين کے غير ضروری طور پر اکھٹا ہونے کے سبب رک گئے، تو يہ بنڈس ليگا انتظاميہ کے ليے اچھی خبر نہ ہو گی۔ بنڈس ليگا کے سربراہ کرسٹيان زائفرٹ کو اميد ہے کہ شائقين احتياط برتيں گے۔

ع س / ا ب ا ( اے ايف پی)