1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برقعے پر پابندی ہو یا نہیں؟ سوئٹزرلینڈ میں ریفرنڈم

7 مارچ 2021

سوئٹزرلینڈ میں عوامی مقامات پر مسلم خواتین کے نقاب اور برقعہ پہننے پر پابندی کے لیے اتوار کی ووٹنگ میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔

https://p.dw.com/p/3qK0D
Schweiz Referendum Verhüllungsverbot
تصویر: Denis Balibouse/REUTERS

اگر اکثریت پابندی کے حق میں ووٹ ڈالتی ہے تو ملک میں خواتین کے لیے سڑکوں پر، پبلک ٹرانسپورٹ، ریستوران اور اسپورٹس اسٹیڈیم میں منہ ڈھانپ کر جانا خلاف قانون ہو جائے گا۔

مجوزہ قانون کے تحت مظاہروں میں شریک افراد پر بھی اِسکی ماسک اور رومال سے چہرہ ڈھانپنے پر پابندی ہوگی۔ تاہم لوگوں کو مذہبی یا ثقافتی تقاریب اور کورونا جیسی طبی وجوہات کی بنا پر  ماسک پہننے یا چہرہ چھپانے کی اجازت ہوگی۔

پابندیاں منظور ہونے کی صورت میں حکام کو اس سے منسلک قوانین تشکیل دینے کے لیے دو سال کا وقت ہوگا۔

Schweiz  Lugano | Frau mit Niqab
تصویر: FABRICE COFFRINI/AFP/Getty Images

کانٹے کا مقابلہ

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں اس معاملے پر رائے منقسم ہے۔

سوئس حکومت اس قانون کے حق میں نہیں۔ حکومت کی نظر میں یہ ایک غیر ضروری بحث ہے، جس سے ملک میں سیاحت متاثر ہو سکتی ہے۔

سوئٹزرلینڈ امیر خلیجی عرب خاندانوں کا پسندیدہ ملک ہے، جہاں کے بینکوں میں وہ اپنا پیسہ رکھتے ہیں اور گھومنے پھرنے کے لیے وہاں جا کر خوب خرچہ کرتے ہیں۔

تاہم ملک کی نیشنل پیپلز پارٹی اور دیگر قوم پرست جماعتوں کا کہنا ہے کہ برقعہ اور نقاب سوئس معاشرے کی آزاد روایات کے منافی ہیں، جس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

ادھر ملک کی بائیں بازو کی جماعتوں نے مجوزہ قانون کی مخالفت کرتے ہوئے اسے اسلام مخالف قرار دیا ہے۔

Basel Schweiz SVP Anti Islam Referendum Moschee Plakat
تصویر: picture-alliance/dpa

فیصلہ اکثریت کا ہوگا

سوئیٹزرلینڈ کے جمہوری نظام میں آئے دن متنازعہ معاملات پر عوامی ریفرنڈم منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ ملک کی 26 میں سے دو مقامی حکومتوں یا 'کینٹونز‘ میں برقعے اور نقاب کے خلاف پہلے سے قوانین لاگو ہیں، جن کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں۔

لیکن اگر قومی سطح پر قانون کا نفاذ منظور ہو جاتا ہے تو پھر سوئٹزرلینڈ بھی بیلجیئم اور فرانس جیسے یورپی ممالک کی صف میں آجائے گا، جہاں اس قسم کی متنازعہ پابندیاں پہلی ہی لاگو کی جا چکی ہیں۔

ش ج / ا ب ا (اے پی، اے ایف پی)