1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برفانی طوفان: نیویارک اور واشنگٹن برف تلے دب گئے

عابد حسین24 جنوری 2016

اِس ویک اینڈ پر ایک برفانی طوفان نے امریکی ایسٹ کوسٹ کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔ اِس طوفان کے ہمراہ یخ بستہ تیز رفتار ہواؤں نے عام آدمی کی زندگی کو اور مشکل بنا دیا۔ طوفان کا زور اب ٹوٹنے لگا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hj2U
تصویر: Getty Images/A.Riecken

مشرقی ساحلی علاقے کی امریکی ریاستوں میں آنے والے شدید برفانی طوفان کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد اُنیس تک پہنچ گئی ہے۔ تیرہ افراد کی ہلاکت برفباری کے دوران سڑکوں پر ہونے والے کار حادثوں میں ہوئی۔ یہ حادثے ارکنساس، شمالی کیرولینا، کنٹکی، اوہائیو، ٹینیسی اور ورجینیا میں ہوئے۔ ایک شخص میری لینڈ میں اور تین انسان نیویارک شہر میں شدید سردی کی لپیٹ میں آ کر دم توڑ گئے۔ دو لوگ ورجینیا ریاست میں شدید سردی سے جاں بحق ہوئے۔

برفانی طوفان نے نیویارک شہر اور امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں زندگی کو پوری طرح جکڑ کر رکھ دیا ہے۔ نیویارک شہر میں سڑکیں، پُل اور زیر زمین ٹریفک کے لیے بنائی گئی سڑکوں اور ٹرام کے لیے بنائی گئی سرنگیں بند ہو کر رہ گئی ہیں اور سارے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اِسی شہر میں دو فیٹ سے زائد برف گر چکی ہے۔ یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ ساتھ حد نگاہ بھی خاصی کم ہو گئی ہے۔ کئی ریاستوں میں خصوصی سکیورٹی دستوں کو برف ہٹانے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ دستے مقامی اداروں کی معاونت کریں گے۔

Blizzard USA Schneesturm Wetter New York
طوفان کے ہمراہ یخ بستہ تیز رفتار ہواؤں نے عام آدمی کی زندگی کو اور مشکل بنا دیا۔ طوفان کا زور اب ٹوٹنے لگا ہےتصویر: Getty Images/Y.Paskova

محکمہٴ موسمیات نے اِسے امریکی تاریخ کا دوسرا شدید ترین برفانی طوفان قرار دیا ہے۔ برفانی طوفان سن 2006 کے طوفان سے کم شدت رکھتا تھا۔ واشنگٹن ڈی سی میں ساٹھ سینٹی میٹر برف گری جبکہ نیویارک شہر میں اڑسٹھ سینٹی میٹر برف گرنے کو ریکارڈ کیا گیا۔ اِس طوفان کے ساتھ آنے والے تیز جھکڑوں نے سمندری علاقوں میں بھی ہلچل پیدا کر دی اور بلند لہریں کئی ساحلی علاقوں میں داخل ہوتے ہوئے سیلاب کا باعث بنی ہیں۔ امریکا کی دس مختلف ریاستوں میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا جا چکا ہے۔ لاکھوں افراد گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔

یہ بھی خیال کیا گیا ہے کہ ویک اینڈ پر آنے والے برفانی طوفان سے کل پیر کے روز دفاتر میں ملازمین کی حاضری بھی متاثر ہو گی اور نیویارک کے بازارِ حصص کو معمول کے مطابق کاروبار شروع کرنے میں مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ نیویارک شہر کے ہوائی اڈوں پر کل ہفتے کے روز پانچ ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں اور آج اتوار کے لیے منسوخ کی جانے والی پروازوں کی تعداد تین ہزار سے زائد ہے۔ نیویارک شہر کے میئر کی درخواست پر امریکی تھیئٹر یا براڈوے نے اپنے پہلے اور شام کے شوز منسوخ کر دیے تھے۔