برطانوی رکن پارلیمان جو کوکس ہلاک
16 جون 2016کیمرون جو برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے کے حق میں چل رہی مہم کے سلسلے میں جبرالٹر جاکر ایک ریلی نکالنے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے تھے، نے ایک ٹوئٹ پر تحریر کیا، ’’برطانوی ممبر پارلیمان جوُ کوکس پر ہونے والے بہیمانہ حملے کے بعد تمام تر مہم بند کر دی گئی ہے۔ میں آج رات ریلی نکالنے کے لیے جبرالٹر نہیں جاؤں گا۔‘‘
لیبر پارٹی کی خاتون رکن پارلیمان جُو کوکس شمالی شہر لیڈز کے قریب اپنے انتخابی حلقے میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئی تھیں، جس کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے اس خاتون کو ہسپتال پہنچایا گیا تھا جبکہ باون سالہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق ملزم نے حملے سے پہلے ’برطانیہ‘ سب سے پہلے کا نعرہ لگایا تھا۔ اکتالیس سالہ جو کوکس برطانیہ کے یورپی یونین کے رکن رہنے کے حق میں تھیں اور اسی سلسلے میں مہم چلا رہی تھیں۔
ایک ہفتے بعد برطانوی شہری یورپی یونین میں رہنے یا اس کو چھوڑنے سے متعلق کوئی فیصلہ کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق جُو کوکس کو شہر برسٹل میں جمعرات کی صبح پہلے گولی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر انہیں اتنی بُری طرح زد و کوب کیا گیا تھا۔
کیمرون جمعرات کو اُن 23،000 ووٹروں کو آئندہ ہفتے یورپی یونین میں رہنے کے بارے میں قائل کرنے جبرالٹر جانا چاہتے تھے جو برطانوی سر زمین کے اس حصے یعنی ’جبرالٹر‘ میں آباد ہیں۔ یورپی عوام آئندہ ہفتے اس بارے میں ریفرنڈم کے ذریعے یہ فیصلہ کریں گے کہ آیا برطانیہ یورپی اتحاد میں شامل رہے یا اس سے خارج ہو جائے۔
کیمرون کے جبرالٹر کے دورے کے منصوبے پر اسپین نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ ہسپانوی وزیر خارجہ خوسے مانوئیل گارسیا نے کہا تھا کہ ان کا ملک اس دورے کے خلاف ہے۔ میڈرڈ اس علاقے پر ملکیت کا دعوی کرتا ہے جبکہ 1713ء میں ہونے والے ایک معاہدے میں جبرالٹر کا انتظام برطانیہ کو تفویض کیا گیا تھا۔
اگر کیمرون اس دورے کو منسوخ نہ کرتے تو وہ 1986ء کے بعد اس علاقے کا دورہ کرنے والے پہلے برطانوی وزیر اعظم ہوتے۔ اسپین کے وزیر خارجہ خوسے مانوئیل گارسیا نے اس بارے میں اپنے بیان میں کہا، ’’اسپین کا ہمیشہ سے یہ موقف ہے کہ جبرالٹر اُس کی سرزمین کا حصہ ہے اور اس موقف میں برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا اخراج کے بارے میں ہونے والے ریفرنڈم میں اکثریتی عوام کے فیصلے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘‘