1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحیرہ روم میں پھنسے مزید مہاجرین اجازت کے منتظر

14 اگست 2018

امدادی بحری جہاز ایکواریئس کے منتظمین نے یورپ سے کہا ہے کہ وہ ان141 مہاجرین کو ٹھکانہ فراہم کرے، جنہیں جمعے کے دن ہی ریسکیو کیا گیا تھا۔ اٹلی اور مالٹا نے ایک مرتبہ پر اس بحری جہاز کو لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی۔

https://p.dw.com/p/337Ec
Mittelmeer - Flüchtling auf der MV Aquarius
تصویر: Reuters/G. Mangiapane

بحیرہ روم میں بھٹکنے والے مہاجرین کو ریسکیو کرنے والے بحری جہاز ایکورئس کے منتظمین نے یورپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گزشتہ جمعے کے دن لیبیا کے ساحلی علاقوں سے بچائے جانے والے 141 مہاجرین کو محفوظ ٹھکانہ فراہم کرے۔ اٹلی اور مالٹا نے ایک مرتبہ پر اس بحری جہاز کو اپنے اپنے ممالک میں لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے سےانکار کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بحری جہاز ایکواریئس کے منتظمین کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کا ایک اور امدادی بحری جہاز بحیرہ روم میں موجود ہے، جس نے مزید 141 افراد کو ریسکیو کیا ہے۔ تاہم مالٹا اور اٹلی کے حکام نے اس جہاز کو لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

رواں برس جون میں اس امدادی جہاز نے لیبیا کے ساحلی علاقوں سے 630 مہاجرین کو بچایا تھا۔ اس وقت بھی روم اور والیٹا حکومتوں نے اس جہاز کو اپنے اپنے ممالک کی سمندری حدود میں داخل ہونے سے منع کر دیا تھا۔ تب اسپین نے اس امدادی بحری جہاز کو اپنے ملک کی ایک بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دی تھی۔

امدادی بحری جہاز ایکورئس ایک مرتبہ پھر اپنا امدادی مشن شروع کر چکا ہے اور جمعے کے دن ہی اس نے لیبیا کے ساحلوں میں دو ریسکیو آپریشنز کرتے ہوئے مزید 141 افراد کو ڈوبنے سے بچایا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ریسکیو کیے جانے والے افراد میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

اس بحری جہاز کے فرنچ آپریٹر ایس او ایس میڈیٹیرنی کی سربراہ سوفی بیاو نے بتایا ہے کہ اس وقت یہ بحری جہاز مالٹا اور اٹلی کے بیچ سمندر میں واقع اطالوی جزیرے لامپے ڈوسا کے قریب ہی موجود ہے۔ انہوں نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بحری جہاز کو محفوظ ٹھکانہ فراہم کرنے میں مدد کرے۔

دوسری طرف یورپی کمیشن کے ترجمان ٹرَووَ ایرنسٹ نے کہا ہے کہ وہ اس بحری جہاز کو کسی ملک میں لنگر انداز کروانے کی خاطر متعدد ریاستوں کی حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔ اٹلی میں نئی دائیں بازو کی حکومت جون سے ایسی امدادی کشتیوں کو اپنے ملک میں لنگر انداز ہونے سے منع کرتی آ رہی ہے۔ کٹر نظریات کے حامل ملکی وزیر داخلہ ماتیو سالوینیکا الزام ہے کہ کہ غیر سرکاری اداروں کی یہ امدادی کشتیاں دراصل انسانوں کے اسمگلروں کے کام کو آسان بنا رہی ہیں۔

ع ب / ع ت /  خبر رساں ادارے