1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بافٹا ایوارڈز: 1917 بہترین فلم

3 فروری 2020

برطانوی دارالحکومت لندن میں دو فروری کی رات منعقدہ تقریب میں معتبر بافٹا ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ برٹش اکیڈیمی برائے فلم اور ٹیلی وژن آرٹس ایوارڈز کو آسکر ایوارڈ کے ہم پلہ قرار دیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/3XCAm
Die British Academy of Film and Television Awards in der Royal Albert Hall in London
تصویر: Reuters/T. Melville

بافٹا ایوارڈز کی تقریب میں پہلی عالمی جنگ کے پس منظر پر تخلیق کی گئی فلم انیس سترہ (1917) کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا اور اس کے ہدایت کار سیم مینڈز نے بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔ بافٹا نائٹ کے لیے منعقد ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مشہور اداکاروں اور شخصیات کے ساتھ ساتھ شاہی خاندان کے افراد بھی شریک تھے۔

ہدایتکار مینڈز کی فلم انیس سترہ نے ایوارڈز کی دوڑ میں شریک دوسری فلموں جوکر، دی آئرش مین اور Once Upon a Time in Hollywood کو پچھاڑ دیا۔ فلم جوکر کا مرکزی کردار ادا کرنے والے یواکین فینکس نے بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا۔ امریکی اداکارہ رینی زیلویگر کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

بافٹا ایوارڈز کی تقریب میں بہترین ابھرتے فنکار کا ایوارڈ سیاہ فام برطانوی اداکار مائیکل وارڈ کو دیا گیا۔ یہ ایوارڈز عوامی رائے کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔

گزشتہ رات منعقد ہونے والے ایوارڈز میں یہ تنازعہ بھی دیکھا گیا کہ برطانوی اداکارہ سینتھیا اریوو نے شرکت کرنے کی دعوت مسترد کرنے کے علاوہ پرفارمنس دینے سے بھی انکار کیا۔ انہوں نے بافٹا ایوارڈز کے لیے نظرانداز کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ سینتھیا اریوو کو آسکر کی نامزدگی حاصل ہوئی ہے۔

Die British Academy of Film and Television Awards in der Royal Albert Hall in London
بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم انیس سترہ کے فنکاروں کا گروپ فوٹوتصویر: picture-alliance/dpa/J. Ryan

بافٹا ایوارڈز پر ناقدین نے تنقید کی ہے کہ اس پر یکسانیت غالب آ رہی ہے۔ اس تاثر کو زائل کرنے کے حوالے سے منتظمین کو عوامی دباؤ کا سامنا ہے۔ اس تنقید پر بافٹا ایوارڈز کے انتظامیہ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

بین الاقوامی فلمی دنیا میں بافٹا ایوارڈز کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور بعض ناقدین اسے معتبر آسکر ایوارڈز سے قبل فلمی دنیا کی ایک انتہائی اہم تقریب قرار دیتے ہیں۔

رواں برس آسکر ایوارڈز کی تقریب نو فروری کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ہو گی۔ اس کے لیے نامزدگیوں کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔

ع ح ⁄ ع ا (اے ایف پی، روئٹرز)