1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن میں لفظوں کی جنگ

31 دسمبر 2010

پاکستان مسلم لیگ ن اور الطاف حسین کی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کی ارکان اسمبلی نے ایک دوسرے کے خلاف جو غیر مہذب زبان استعمال کی اس کی ہر سطح پر مذمت کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/zs3g

ایم کیو ایم اورمسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کے غیر مہذب بیانات پر بعض سینئر سیاستدانوں کا کہنا ہے کہ ذاتیات پر حملوں کے بعد پارلیمنٹرین کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ مبصرین کے بقول دلچسپ بات یہ ہے کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن دونوں کے قائدین نے اپنے اپنے ارکان اسمبلی کے ذریعے اپنی اصل سوچ کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ اس بات کا پیمانہ جانچنے کی بھی کوشش کی ہے کہ کونسا رکن اپنے قائد سے ”محبت“ میں کس سطح تک جاسکتا ہے۔ سیاسی تجزیہ کار ڈاکٹر جعفر کا کہنا ہے کہ انہیں پیپلز پارٹی اورایم کیوایم کے ارکان کے ایک دوسرے پر انتہائی پست سطح پر جا کر الزامات لگانے کا افسوس ضرور ہے مگر وہ سمجھتے ہیں کہ دونوں جماعتوں کے ارکان اپنے اپنے قائدین کو اس بات کا یقین دلا وا رہے تھے کہ وہ کس حد تک ان کے وفا دار ہیں۔

Unruhen nach Demo in Karachi
الطاف حسین اپنے حامیوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa

ماہر نفسیات حیدر رضوی کا کہنا ہے کہ جب سیاست دانوں کے پاس شعور اور دلیل نہ ہو تو پھر ایسا ہی رویہ سامنے آتا ہے۔ سیاستدان حقیقی سیاسی مسائل سے نظریں چرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرین ایک دوسرے کے لیے نازیبا زبان استعمال کر کے اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے میں کامیاب ہوگئے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے۔ مسلم لیگ ن دو مرتبہ ایم کیو ایم کی اتحادی رہی لیکن حکیم سعید کے قتل کے بعد جیسے ہی آپریشن شروع ہوا تو ایم کیو ایم اور مسلم لیگ کے راستے جدا ہوگئے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ سیاست میں ہمیشہ ایک دروازہ کھلا رکھا جاتا ہے۔ الطاف حسین، نواز شریف اور ان کے خاندانوں اور ذاتی زندگی کے حوالے سے الزامات لگانے سے پہلے ارکان اسمبلی کو اس بات کو ضرورت مد نظر رکھنا چاہیے تھا کہ جب اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے کوئی نیا اتحاد وجود میں آئے گا تو پھر یہ تمام سیاست دان ایک دوسرے سے نظریں کیسے ملائیں گے۔؟

یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ایم کیو ایم اورمسلم لیگ ن کے ارکان نے ایک دوسرے کے خلاف جو نازیبا زبان استعمال کی ہے اسے کہیں نہ کہیں اپنی اپنی جماعتوں کے مرکزی قائدین کی حمایت اور تائید ضرور حاصل ہوگی۔ کیونکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے بیانات کے بعد دونوں جماعتوں کے قائدین اب ”خاموش“ ہیں۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ سیاست دان، جھوٹ، فریب اور ناشائستہ رویے اور اختلاف کو جمہوریت کی خوبصورتی قرار دیتے ہیں، لیکن عوام کا رد عمل یہ ہے کہ اگر یہی ناشائستگی جمہوریت ہے تو پھر آمریت کہیں بہتر ہے۔

رپورٹ: رفعت سعید، کراچی

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید