1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایلزبتھ ٹیلر کی موت، شوبز کی دنیا اداس

24 مارچ 2011

ہالی ووڈ کی ممتاز اداکارہ ایلزبتھ ٹیلر کی موت پر شوبز کی دنیا کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10gYp
ایلزبتھ ٹیلر، 1958ءتصویر: picture-alliance/dpa

ہالی ووڈ کے گولڈن دور کی اداکارہ ایلزبتھ ٹیلر بدھ کے دن لاس اینجلیز میں انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔ دل کے عارضے میں مبتلا ماضی کی گلیمرس اداکارہ گزشتہ چھ ہفتوں سے Cedars-Sinai ہسپتال میں داخل تھیں۔

ایلزبتھ کے بیٹے مائیکل وِلڈنگ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا،’ میری ماں ایک غیر معمولی خاتون تھیں، جنہوں نے بھرپور زندگی بسر کی‘۔ انہوں نے بتایا کہ جب ان کی والدہ کا انتقال ہوا تو ان کے تمام گھر والے ان کے ساتھ تھے۔

ٹیلر نے اپنی اداکاری پر دو مرتبہ آسکر ایوارڈ حاصل کیا۔ پہلی مرتبہ انہیں یہ ایوارڈ 1960ء میں Butterfield 8 پر ملا۔ سن 1966ء میں ریلیز ہونے والی فلم Who's Affraid of Viginia Woolf? میں بہترین اداکاری کرنے پر ٹیلر کو ان کے کیریئر کے دوسرے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ٹیلر نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ رومانوی طبیعت کی مالک ہونے کی وجہ سے بھی مشہور تھیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر آٹھ شادیاں کیں، جن میں سے انہوں نے دو مرتبہ رچرڈ برٹن سے شادی کی۔

Flash-Galerie Elizabeth Taylor gestorben
ناسازی طبیعت کی وجہ سے ٹیلر ایک لمبے عرصے سے عوامی نظروں سے اوجھل تھیںتصویر: dapd

ناسازی طبیعت کی وجہ سے وہ ایک لمبے عرصے سے عوامی نظروں سے اوجھل تھیں تاہم انہوں نے 2009ء میں معروف سٹار مائیکل جیکسن کی تدفین میں شرکت کی تھی۔

ایلزبتھ ٹیلر کی وفات پر کئی شخصیات نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ دو فلموں میں ٹیلر کے ساتھ کام کرنے والے اطالوی فلم ساز Franco Zeffirelli نے ASNA خبر رساں ادارے کو بتایا ،’ میں بہت اداس ہوں۔ ہم ایک اہم شخصیت سے محروم ہو گئے ہیں‘۔ پوپ سٹار مائیکل بولٹن نے کہا،’ ہم ایک لاجواب انسان سے محروم ہو گئے ہیں‘۔

ایلزبتھ ٹیلر 27 فروری 1932ء میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز بطور چائلڈ سٹار 1942ء میں کیا۔ انہوں نے پہلی شادی اٹھارہ برس کی عمر میں 1950ء میں کی، جو 203 دن بعد ہی ٹوٹ گئی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف