1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشز سیریز: ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست

7 دسمبر 2010

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 71 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 304 پر ڈھیرہو گئی۔

https://p.dw.com/p/QR8d
تصویر: AP

پانچویں دن کے آغاز پر جب آسٹریلوی ٹیم نے اپنے گزشتہ دن کے سکور 238 چار کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو ہسی سمیت سبھی کھلاڑی صرف 66 رنز کا اضافہ ہی کر سکے۔ پانچویں دن آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی مایئک ہسی تھے، جو 52 رنز بنا کر فِن کی گیند پر اینڈرسن کو کیچ دے بیٹھے۔

پھر تو وکٹیں گرنے کا سلسلہ ہی شروع ہو گیا۔ جیمز اینڈرسن ہیڈن اور ہیرس کو آؤٹ کر کے اوور ہیٹ ٹرک پر پہنچے تو دوسری طرف گریم سوان نے مارکوس نارتھ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ یہ تینوں کھلاڑی مسلسل تین گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں کھانے کے وقفے سے پہلے ہی سوان نے ڈورتھی اور سِڈل کو آؤٹ کر کے نہ صرف پانچ وکٹیں حاصل کیں بلکہ اپنی شاندار بولنگ کے نتیجے میں انگلش ٹیم کو ایشز سیریز جیتنے کا ایک سنہرا موقع بھی فراہم کر دیا ہے۔

Kevin Pieterson
کیون پیٹرسن بہترین کھلاڑی قرار پائےتصویر: AP

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کا پانچواں دن میزبان ٹیم آسٹریلیا کے لئے تباہ کن رہا۔ رکی پونٹنگ کی تمام امیدوں پر اس وقت اوس پڑ گئی، جب ان کی ٹیم کے چھ کھلاڑی صرف نوے منٹ کے اندر اندر ہی آؤٹ ہو گئے۔ ایشز کا دفاع کرنے والی انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 620 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔ جس میں اوپنر کوک کے 148 اور کیون پیٹرسن کے 227 رنز بھی شامل تھے۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں صرف 245 رنز بنائے تھے۔ مہمان ٹیم کی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں یہ قیاس آرائیاں پہلے ہی شروع ہو گئی تھیں کہ میزبان ٹیم یہ میچ بچا نہ سکے گی اور یوں ہی ہوا۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ کیون پیٹرسن کو دیا گیا، جنہوں نے اس میچ میں اپنے کیریئر کا بہترین انفرادی سکور بنایا۔ ان کی ڈبل سنچری کی بدولت انگلش ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہو گئی تھی اور بولروں کو ایک نیا اعتماد ملا تھا۔

انگلش بولروں میں جیمز اینڈرسن اور سٹیون ٹامس فِن نے دو دو جبکہ کیون پیٹرسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلش ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ سٹیورٹ بروڈ انجری کے باعث ایشز سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز کا تیسرا میچ سولہ دسمبر کو پرتھ میں شروع ہو گا۔ برسبین میں کھیلا گیا اس سیریز کا پہلا میچ بغیر کسی نتیجے کے ہی ختم ہو گیا تھا۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں