1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایرانی صدارتی الیکشن: حسن روحانی کی واضح برتری

15 جون 2013

ایران میں کل جمعے کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کی ہفتے کی شام تک جاری گنتی کے عبوری نتائج کے مطابق اعتدال پسند مذہبی رہنما حسن روحانی کو ان کے حریف امیدواروں کے مقابلے میں واضح برتری حاصل ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/18qar
تصویر: Khabaronline

دبئی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اعتدال پسند صدارتی امیدوار حسن روحانی کو حاصل ہونے والی برتری اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی الیکشن کے نتائج اس حد تک حیران کن ہو سکتے ہیں کہ زیادہ مضبوط تصور کیے جانے والے سخت گیر انتخابی امیدواروں کے مقابلے میں ایک اعتدال پسند مذہبی شخصیت کامیاب ہو جائے۔

Iran Politik Hassan Rohani
حسن روحانی اصلاحات کے حامی اور مصالحت پسند سمجھے جاتے ہیںتصویر: Fars

خبر رساں ادارے روئٹرز نے دبئی سے اس بارے میں اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ صدارتی الیکشن کا نتیجہ کچھ بھی ہو، اس ک‍ا ایران کے باقی ماندہ دنیا کے ساتھ تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس کے علاوہ اسلامی جمہوریہ ایران کی متنازعہ ایٹمی پالیسی اور اس کا بین الاقوامی سطح پر متنازعہ ایٹمی پروگرام بھی صدارتی الیکشن کے نتائج سے متاثر نہیں ہوں گے۔ ایران میں سلامتی سے متعلق ایسے تمام حساس معاملات میں حتمی فیصلہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کرتے ہیں۔

پچھتر ملین کی آبادی والے ایران کے بارے میں اپنی ایک جائزہ رپورٹ میں خبر رساں ادارے روئٹرز نے لکھا ہے کہ انتخابات کے ابتدائی نتائج میں حسن روحانی کو حاصل ہونے والی واضح برتری اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی معاشرے میں کافی حد تک اصلاحات پسندی کی خواہش پائی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ بہت سے رائے دہندگان نے حسن روحانی کی حمایت کر کے ان سیاستدانوں کو مسترد کر دیا ہے، جو اپنی سخت گیر سوچ میں کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کرتے اور جن کی وجہ سے ایران کے اقتصادی مسائل بھی اپنی جگہ ہیں اور اس کا بین الاقوامی سطح پر الگ تھلک ہو کر رہ جانا بھی۔

Wahlen im Iran 2013
ہفتے کی شام تک کل پولنگ اسٹیشنوں میں سے65 فیصد انتخابی مراکز پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی تھیتصویر: DW

حسن روحانی ایران کے ایک سابق اعلٰی ترین جوہری مذاکراتی نمائندے ہیں، جو اپنی اعتدال پسندی اور مصالحت پسندانہ سوچ کی وجہ سے مشہور ہیں۔ وہ یہ اشارہ دے چکے ہیں کہ اپنی انتخابی کامیابی کی صورت میں وہ ایک ایسی خارجہ پالیسی کو رواج دیں گے، جس کی بنیاد باقی ماندہ دنیا کے ساتھ تعمیری اشتراک عمل پر ہوگی اور ساتھ ہی وہ داخلہ سیاست میں عملی طور پر شہری حقوق کا ایک چارٹر بھی متعارف کرائیں گے.

تہران سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق کل جمعے کے الیکشن میں ڈالے گئے کل ووٹوں میں سے آج ہفتے کی شام تک 65 فیصد انتخابی مراکز پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی تھی۔ ان ووٹوں میں سے حسن روحانی کو 51 فیصد سے زائد ووٹ حاصل ہو چکے ہیں۔

ایرانی وزارت داخلہ کے مطابق ہفتے کی شام تک گنے گئے کل 23 ملین سے زائد ووٹوں میں سے حسن روحانی کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد 11.8 ملین کے قریب بنتی تھی۔

ij / mm (Reuters, AP)