ایران میں کھانا بنانے کے غیرملکی پروگرام بند
7 فروری 2011میڈیا رپورٹوں کے مطابق قدامت پرستوں کے اصرار پر یہ قدم ایرانی کلچر پر مغربی ممالک کی اثر اندازی روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ایران کی ایک معتدل ویب سائٹ اور چند دیگر خبر رساں اداروں کی جانب سے دی گئی ایک رپورٹ کے مطابق ایران کے سرکاری براڈ کاسٹ ادارے کے نائب سربراہ علی درابی کے مطابق ’ تمام غیر ایرانی کھانے پکانے کی ترکیبیں بتانے والے پروگراموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے‘۔
ایرانی ٹی وی چینلز پر دن کے اوقات میں دکھائے جانے والے وہ کوکنگ شوز نہایت مقبول تھے جن میں مختلف ایرانی پکوانوں کے علاوہ غیر ملکی کھانوں کی ترکیبیں بھی سیکھائی جاتی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی عوام میں اطالوی، چینی اور بھارتی کھانے بے انتہا پسند کیے جاتے ہیں اور حکومت نے یہ قدم، معاشرے میں تیزی سے پروان چڑھتے فاسٹ فوڈ کلچر اور غیر صحتمدانہ کھانوں کی جانب رغبت سے روکنے کے لیے اٹھایا ہے۔
ایران میں پرائیویٹ ٹی وی چینلز پر پابندی عائد ہے، تاہم ایرانی گھروں کی چھتوں پر سیٹلائٹ ڈش انٹینا کی بھرمار نظر آتی ہے۔ ان سیٹلائٹس کے ذریعے درجنوں چینلز فارسی زبان میں دن بھر سیاسی اور تفریحی پروگرام پیش کرتے ہیں۔
رپورٹ: عنبرین فاطمہ
ادارت: افسر اعوان