1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ايندھن کی قيمتوں ميں اضافے پر فرانس ميں ملک گير احتجاج

17 نومبر 2018

فرانس ميں ايندھن کی قيمتوں ميں حاليہ اضافے کے خلاف ہفتے کو ملک گير سطح پر احتجاج کی منصوبہ بندی کی گئی۔ اس دوران ہزاروں ڈرائيوروں نے شاہراہوں اور گزر گاہوں پر اپنی گاڑياں کھڑی کر کے احتجاج کيا۔

https://p.dw.com/p/38Qo2
Frankreich Albertville Proteste gegen steigenden Benzinpreis
تصویر: Getty Images/AFP/J.-P. Clatot

فرانس کے تمام بڑے شہروں ميں ڈرائيوروں نے ايندھن کی قيمتوں ميں اضافے کے خلاف آج بروز ہفتہ احتجاج کیا۔ ملکی وزير داخلہ کرسٹوف کاسٹنر نے بتايا کہ ملک بھر ميں ہفتے کے روز لگ بھگ ايک ہزار مختلف مظاہروں ميں پچاس ہزار سے زائد افراد شريک ہوئے۔ يہ مظاہرين صدر امانوئل ماکروں کے خلاف نعرے بازی کرتے دکھائی ديے۔ اپوزيشن جماعتوں اور مختلف مزدور يونينوں نے بھی ان مظاہروں کی حمايت کی تاہم وہ ان ميں شريک نہيں ہوئے۔ احتجاج کرنے والوں نے پيلے رنگ کی جيکٹيں زيب تن کر رکھی ہيں۔

احتجاج کی کال اکثريتی طور پر سماجی رابطوں کی ويب سائٹ پر جاری کی گئی۔ ريليوں کا مقصد چند ہوائی اڈوں اور ايندھن کے گوداموں کی راہ ميں رکاوٹ کھڑی کرنا تھا تاہم اس ميں چند ايسے نالاں ووٹرز بھی شريک ہو گئے، جو صدر ماکروں کی اقتصادی اصلاحات اور ان کے طريقہٴ حکمرانی سے متفق نہيں۔

مظاہروں کے دوران جنوبی فرانس ميں ايک خاتون ايک حادثے کے نتيجے ميں ہلاک بھی ہو گئيں۔ اپنی گاڑی ميں موجود ايک خاتون اس وقت گھبرا گئيں، جب مشتعل مظاہرين نے ان کی گاڑی پر چڑھنا شروع کر ديا۔ بوکھلاہٹ ميں اس خاتون نے گاڑی کی رفتار بڑھا دی اور ايک عمر رسيدہ عورت گاڑی سے ٹکرانے کے سبب ہلاک ہو گئی۔ دريں اثناء ملک بھر ميں ديگر چھوٹے حادثات اور واقعات ميں سولہ افراد زخمی ہوئے۔ شمالی فرانس ميں زخمی ہونے والے ايک شخص کی حالت  نازک بتائی گئی ہے۔

Frankreich Albertville Proteste gegen steigenden Benzinpreis
تصویر: Getty Images7AFP/S. de Sakutin

فرانس ميں يہ صدر امانوئل ماکروں اور ووٹروں کے مابين تصادم کا تازہ ترين واقعہ ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ فرانس کے ديہی علاقوں ميں رہائش پذير افراد صدر ماکروں کو ايک ايسے سابق بينکر کے طور پر ديکھتے ہيں، جو شہری علاقوں ميں مقيم امراء کے مفادات کی نمائندگی کرتے ہيں۔ چاليس سالہ فرانسيسی صدر ماکروں کو اقتدار سنبھالے اب اٹھارہ ماہ گزر چکے ہيں۔ اس دوران وہ کئی اقتصادی معاملات ميں اصلاحات متعارف کرا چکے ہيں۔

فرانس ميں ہفتے کو منعقد ہونے والے احتجاج کو ’يلو ويسٹ احتجاج‘ کا نام ديا جا رہا ہے کيونکہ اس ميں شريک ڈرائيوروں نے پيلے رنگ کی جيکٹيں زيب تن کیں۔ يہ احتجاجی تحريک بہت تيزی سے بڑھی ہے اور بظاہر حکومت اور اپوزيشن دونوں ہی اس کے ليے تيار نہيں۔ فرانس ميں ايندھن کی قيمتوں ميں اضافے کی منظوری گو کہ پچھلے سال کے اواخر ميں دی گئی تھی تاہم اس کے اثرات پچھلے ماہ سے سامنے آنا شروع ہوئے۔

ع س / ع ح، نيوز ايجنسياں