1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما کی سب سے پر خطر سیاسی کوشش

31 اگست 2010

امریکی صدر باراک اوباما جمعرات کو اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں کو براہ راست مذاکرات کے لئے ایک ہی میز پر لے تو آئیں گے لیکن مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے اسے اوباما کی اب تک کی سب سے پر خطر کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/Ozp3
اوباما، نیتن یاہو اور عباستصویر: AP/DW

امریکہ میں اسی سال کانگریس کے انتخابات بھی ہونے والے ہیں اور باراک اوباما فلسطینی اور اسرائیلی رہنماؤں کو رو برو مکالمت کے لئے ایک ہی چھت کے نیچے جمع کرنے کے لئے اپنے عہدے کے وقار کے علاوہ پورا سیاسی دباؤ بھی استعمال میں لا رہے ہیں۔ لیکن بیشتر ماہرین کے مطابق اس بارے میں واضح کم امیدی اپنی جگہ ہے کہ موجودہ امریکی صدر مشرق وسطیٰ میں قیام امن سے متعلق اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ یا پھر یہ کہ باراک اوباما اس حوالے سے وہ سب کچھ حاصل کر سکیں گے، جو آج تک ان کے کئی پیش رو حاصل نہیں کر سکے۔

Ismail Haniyeh, Premierminister der Hamas-Regierung in Gaza, bei Parlamentssitzung
غزہ کے معروف حماس رہنما اسمٰعیل ھنیہتصویر: AP

مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے دونوں بڑے فریقوں کو براہ راست مکالمت پر آمادہ کرنا اور پھر یہ توقع کہ کوئی حتمی امن معاہدہ اگلے باہ مہینوں میں ممکن ہو جائے گا، تجزیہ نگاروں کے مطابق یہ صورت حال ثابت کرتی ہے کہ باراک اوباما نے اس سلسلے میں بہت کچھ داؤ پر لگا دیا ہے، وہ بھی ایک ایسے تنازعے کے حل کے لئے جو دنیا کے طویل ترین اور سب سے پیچیدہ تنازعات میں شمار ہوتا ہے۔

امریکہ میں مشرق وسطیٰ کے لئے امن اور ترقی سے متعلق انسٹی ٹیوٹ کے صدر سٹیفن کوہن کے بقول صدر اوباما یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ ان مذاکرات کے حوالے سے اپنا تمام تر سیاسی سرمایہ مذاکرات کی میز پر رکھ چکے ہیں۔ ’’لیکن سوال یہ ہے کہ آیا دیگر فریق بھی اتنے زیادہ خطرات مول لینے پر آمادہ ہیں؟‘‘

بعض ماہرین کا خیال ہے کہ باراک اوباما کی خطے سے متعلق نتیجہ خیز سفارت کاری کی اس کوشش کے دور رس اثرات ہوں گے اور یہ عمل ایٹمی تنازعے کی وجہ سے ایران کو الگ تھلگ کر دینے کی واشنگٹن کی سیاسی کوششوں پر بھی اثرا انداز ہو سکتا ہے اور امریکہ کے مسلم دنیا کے ساتھ بہتر تعلقات کی کاوشوں پر بھی۔

Clinton Nahost-Verhandlungen
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن مشرق وسطیٰ کے لئے خصوصی امریکی مندوب جارج مچل کے ہمراہتصویر: AP

جمعرات کے روز واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کی موجودگی میں براہ راست مشرق وسطیٰ امن بات چیت سے قبل امریکی دارالحکومت سے ملنے والی تجزیاتی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ جو بات صدر اوباما کی اس مکالمت کے حوالے سے کوششوں کو داخلی سیاسی نطقہ نظر سے جوئے کی ایک بڑی شرط بنا دیتی ہے، وہ یہ کہ باراک اوباما کی نظریں اسی سال نومبر میں ہونے والے کانگریس کے وسط مدتی انتخابات پر بھی لگی ہوئی ہیں اور اس بات پر بھی کہ سن 2012 کے صدارتی الیکشن میں اوباما دوبارہ صدر منتخب ہونا چاہیں گے۔

مطلب یہ کہ اگر موجودہ امریکی انتظامیہ کی وساطت سے مشرق وسطیٰ میں ایک پائیدار امن معاہدے کی حصول کی کوششیں ناکام ہو گئیں تو اوباما کے ری پبلکن ناقدین کو بڑی آسانی سے یہ کہنے کا موقع مل جائے گا کہ باراک اوباما نے ایسے وعدے بھی کئے جنہیں پورا کرنا ان کے بس کی بات نہیں تھی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں