1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما اور گیلانی کے درمیان ملاقات منگل کو

24 مارچ 2012

جمعے کے روزامریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ باراک اوباما پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے جنوبی کوریا کے درالحکومت سیئول میں ملاقات کریں گے۔

https://p.dw.com/p/14Qwb
تصویر: picture-alliance/dpa

وائٹ ہاؤس کی جانب سے سامنے آنے والے اس بیان میں اس ملاقات کو ’تعلقات میں بہتری کے لیے ایک موقع‘ قرار دیا گیا ہے۔ ’’یہ اعلیٰ ترین سطح کی ملاقات پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔‘‘

واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات گزشتہ برس مئی میں ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کے ایک خفیہ آپریشن میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد سے سخت کشیدگی کا شکار ہیں جبکہ گزشتہ برس نومبر کے اواخر میں نیٹو ہیلی کاپٹروں کی ایک کارروائی میں 24 پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ان میں تاریخی کشیدگی دیکھی گئی۔ اسی تناظر میں پاکستان نے افغانستان میں نیٹو فوجیوں کے لیے اپنی سرزمین سے سپلائی بھی معطل کر رکھی ہے۔

Atomgipfel Nuclear Security Summit Flash-Galerie
اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے رہنما جوہری کانفرنس کے موقع پر ملاقات کر چکے ہیںتصویر: AP

وائٹ ہاؤس کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اوباما وزیراعظم گیلانی کے ساتھ اپنی اس ملاقات میں افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکی کوششوں کے حوالے سے بھی انہیں اعتماد میں لینے کی کوشش کریں گے، تاکہ خطے میں امن اور استحکام پیدا ہو۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات میں افغانستان میں مصالحتی عمل کے آغاز کی کوششوں کے حوالے سے بھی بات چیت ہو گی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات سیئول میں بین الاقوامی جوہری سلامتی کانفرنس کے موقع پر ہو رہی ہے۔ اس سے قبل پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری کردہ ایک بیان میں بھی کہا گیا تھا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اگلے ہفتے امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب چند ہی روز قبل پاکستانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی نے امریکہ کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کے حوالے سے سفارشات پارلیمان میں بھیجی ہیں۔ گزشتہ روز امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے مفادات اور دشمن ایک ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: افسر اعوان