1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انجلیک کیربر کے لیے جرمن صدر کا خصوصی پیغام

عاطف بلوچ11 ستمبر 2016

جرمن ٹینس اسٹار انجلیک کیربر نے یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ اس کامیابی پر اور عالمی نمبر ایک کا اعزاز حاصل کرنے پر جرمن صدر یوآخم گاؤک نے اٹھائیس سالہ کیربر کو مبارکبادی کا پیغام روانہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1K00i
US Open 2016 Finale Angelique Kerber Jubel Pokal
تصویر: Getty Images/AFP/T. A. Clary

یو ایس اوپن کے فائنل میں کامیابی کے ساتھ جرمن کھلاڑی انجلیک کیربر دوسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز کی شکست کے نتیجے میں کیربر نے عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی ہے۔ ویمن ٹینس کی عالمی درجہ بندی کا باقاعدہ اعلان کل بروز پیر سے ہو گا۔

اٹھائیس سالہ کیربر کی ان دو بڑی کامیابیوں پر جرمن صدر یوآخم گاؤک نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ذاتی طور پر مبارکباد دی ہے۔ برلن میں واقع صدر دفتر سے جاری کردہ اپنے پیغام میں آج بروز اتوار گاؤک نے کہا، ’’گیم، سیٹ اور میچ۔ جرمنی میں بہت سے لوگ آپ (انجلیک کیربر) کی اس کامیابی پر بہت خوش ہوئے ہیں۔‘‘

گاؤک کیبر کے لیے اپنے پیغام میں مزید کہا، ’’آسٹریلین اوپن ہو، ومبلڈن ہو یا اولمپک مقابلے۔ آپ نے جس طرح کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، وہ جرمنی میں ٹینس کے مداحوں کے لیے باعث تقویت ہے۔ آپ نے یقینی طور پر اپنی کامیابیوں سے بہت سے جرمن لوگوں کو اس کھیل کی طرف راغب کر دیا ہے۔‘‘

گاؤک نے کیربر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’میں آپ کو دلی مبارکباد دیتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اس سیزن میں آپ کامیابیوں سے ہمکنار ہوتی رہیں۔‘‘

جنوری میں آسٹریلیئن اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی کیربر نے گزشتہ روز نیو یارک کے کورٹ میں یو ایس اوپن کے فائنل میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور یہ ٹائٹل بھی جیت لیا۔ ہفتے کی شام انہوں نے فائنل میں چیک کھلاڑی کارولینا پلِشکووا کو چھ تین، چار چھ اور چھ چار سے شکست دے تھی۔

US Open 2016 Finale Angelique Kerber Jubel Pokal
جنوری میں آسٹریلیئن اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی کیربر نے گزشتہ روز نیو یارک کے کورٹ میں یو ایس اوپن کے فائنل میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائیتصویر: picture-alliance/dpa/J. Lane
US Open 2016 Finale Angelique Kerber Jubel Pokal
جرمن ٹینس اسٹار انجلیک کیربر نے یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/T. A. Clary
US Open 2016 Finale Angelique Kerber Jubel
کیربر اس سال ومبلڈن کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھیںتصویر: picture-alliance/dpa/D. Murphy
US Open 2016 Finale Angelique Kerber Sieg
یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیتنے کے بعد کیربر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیںتصویر: Getty Images/A. Bello
US Open 2016 Finale Angelique Kerber Karolina Pliskova Sieg
انجلیک کیربر حریف کھلاڑی کارولینا پلِشکووا سے ملتے ہوئےتصویر: Getty Images/AFP/T. A. Clary

کیربر اس سال ومبلڈن کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں لیکن امریکی اسٹار کھلاڑی سرینا ولیمز سے ہار گئی تھیں۔ عالمی رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے پر کیربر نے کہا ہے کہ ان کے بچپن کا خواب پورا ہو گیا ہے۔

یو ایس اوپن میں کامیابی کے بعد کیربر نے کہا، ’’یہ شاندار ہے کہ ایک ہی سیزن میں میں نے دوسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ میری زندگی کا بہترین سال ہے۔‘‘ انہوں نے جذباتی انداز میں مزید کہا کہ عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہونا، ان کے لیے ایک خاص بات ہے کیونکہ میں بچپن میں اکثر اس اعزاز کا حاصل کرنے کے خواب دیکھا کرتی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید