1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’انتھونی فاؤچی ایک تباہی ہیں‘ ڈونلڈ ٹرمپ

20 اکتوبر 2020

میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معروف امریکی ماہر وبائی امراض انتھونی فاؤچی کو ایک ’’تباہی‘‘ قرار دیا تھا اور ان پر وبائی امراض کے دور میں فاش غلطیوں کا الزام لگایا ہے۔

https://p.dw.com/p/3kAL5
Dr. Anthony Fauci und Donald Trump bei einer Rede zur Corona-Pandemie
تصویر: Getty Images/W. McNamee

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے پیر کو اپنی انتخابی مہم کی ٹیم کے ساتھ فون پر گفتگو میں فاؤچی پرسخت تنقید کی تھی۔ نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ  میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں کہا، ''جب فاؤچی ٹیلی ویژن پر نمودار ہوتے ہیں تو ہمیشہ کوئی نا کوئی ایسی بات کرتے ہیں کہ جو ایک بم  کی مانند ہوتی ہے لیکن جب آپ انہیں فائر کردیں تو اُس سے بھی بڑا بم گرتا ہے۔ فاؤچی ایک تباہی ہیں۔‘‘

صدر ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے مزید کہا، ’’لوگ فاؤچی اور ان جیسے بیوقوفوں کو سنتے سنتے تنگ آچکے ہیں ، یہ تمام احمق ہیں جنہوں نے غلطیاں کی ہیں۔‘‘

USA Dr. Anthony Fauci
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی ڈائرکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفییکشس ڈیزیز۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Dietsch

ٹرمپ جنہیں احمق کہہ رہے ہیں وہ کون ہے؟

انتھونی فاؤچی امریکا کے متعدی بیماریوں کے قومی ادارے کے ڈائریکٹر ہیں اور دراصل وائٹ ہاؤس کے کورونا وائرس ورکنگ گروپ کا حصہ ہیں۔ ایک طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا بحران سے نمٹنے کے لیے اپنے طرز عمل اور حکمت عملی کی وجہ سے بے حد تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں اور خود کورونا وائرس کا شکار بھی ہو چُکے ہیں،  دوسری جانب وبائی امراض کے ماہر انتھونی فاؤچی  امریکا اور بین الاقوامی سطح پر ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے بہت اچھی شہرت کے حامل ہیں۔

دلچسپ امر یہ کہ ٹرمپ کی فاؤچی پر تنقید  خود ان کی اپنی ریپبلکن پارٹی کے اراکین کی برہمی کا سبب بنی۔ امریکی سینٹ کی ہیلتھ کمیٹی کے سربراہ لامار الیگزینڈر نے ایک ٹویٹ میں تحریر کیا کہ فاؤچی اب تک اس کمیٹی کے سب سے معتبر اور معزز اہلکار رہ چُکے ہیں اور یہ چھ امریکی صدور کی سربراہی میں کام کر چُکے ہیں۔ فاؤچی کے مشوروں پر عمل کر کے ہم امریکا سے کووڈ انیس کے کیسز کی امریکا میں تعداد کم کر سکتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈیموکریٹک حریف کیا کہتے ہیں؟

ٹرمپ کے مد مقابل ڈیموکریٹک لیڈرجو بائیڈن کی انتخابی ٹیم نے ٹرمپ کی طرف سے سائنسدانوں کی 'ایک نہ سننے‘ کی روش کو  سخت تنقید  کا نشانہ بنایا جس سے وبائی امراض کے پھیلاؤ اور امریکا میں کووڈ انیس کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے تناظر میں یہ ملک دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا۔

Screenshot Julia Roberts Instagram-Account Anthony Fauci
فاؤچی ہر طرح کی احتیاط کے قائل۔تصویر: Instagram.com/juliaroberts


 

ٹرمپ نے ان  بیانات کی تردید نہیں کی۔ ٹویٹر پرانہوں نے فاؤچی  کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، ’’ٹونی سے میں صرف اتنا مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بہتر فیصلے کریں۔‘‘

ریاست ایریزونا کے مرکزی شہر فینکس میں ایک انتخابی مہم کے دوران  ٹرمپ نے فاؤچی کے بارے میں کہا، ''بعض اوقات وہ ایسی باتیں کہتے ہیں جو تھوڑا سا حقیقت سے دور اور اداس کر دینے والی اور دکھ کی بات ہوتی ہے ، لیکن وہ ایک اچھے انسان ہیں میں انہیں پسند کرتا ہوں۔‘‘

ریپبلکن لیڈر ٹرمپ نے یہ سب کچھ امیونولوجسٹ کا طویل کیریئر رکھنے والے فاؤچی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا۔ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا، ''میں انہیں تکلیف نہیں دینا چاہتا ، وہ کئی دہائیوں سےکام کر رہے ہیں ہے۔‘‘

USA Trump verlässt Krankenhaus
ٹرمپ ایک عرصے تک ماسک کی ضرورت کو جھٹلاتے رہے۔تصویر: Erin Scott/Reuters

سخت غصہ

گزشتہ اتوار کو امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فاؤچی کا کہنا تھا، ''مجھے بالکل حیرت نہیں ہوئی تھی جب یہ خبر عام ہوئی کہ ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ گزشتہ ماہ کے اوآخر میں ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں سپریم کورٹ کی جج کے انتخاب کے سلسلے میں ایک شاندار تقریب منعقد کی۔ میںنے ٹیلی وژن پر اس تقریب کو دیکھا گیا جس میں کہیں دور دور تک بھی کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اور ضوابط کا اطلاق نظر نہیں آیا۔ میں اُسی وقت سمجھ گیا تھا کہ اس کے کوئی اچھے نتائج سامنے نہیں آئیں گے۔‘‘

 فاؤچی نے تاہم ایک بار پھر اس امر پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا کہ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے سرگرم ٹیم نے ایک انتخابی کمرشل میں اُن کی اجازت کے بغیر ان کے ایک بیان کو توڑ مروڑ کر انتہائی گمراہ کُن انداز میں استعمال کیا۔ اس پر فاؤچی حقیقی معنوں میں ناراض ہیں۔

ک م/ ع ت/ ڈی پی اے، رائٹرز، اے پی   

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں