1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامیابی کے بعد تائیوانی صدر کی امریکی اہلکار سے ملاقات

12 جنوری 2020

تائیوان کی خاتون صدر سائی انگ وین نے دوسرے مدتِ صدارت کے لیے اپنی اس انتخابی کامیابی کے بعد آج اتوار کے روز تائیوان میں موجود اعلیٰ ترین امریکی اہلکار سے ملاقات کی ہے۔

https://p.dw.com/p/3W4R3
Taiwan Präsidentschaftswahl 2020 | Tsai Ing-wen
تصویر: Getty Images/AFP/S. Yeh

تائیوان میں ہفتہ 11 جنوری کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں  صدر سائی اِنگ وین نے کامیابی حاصل کی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق انہوں نے ستاون فیصد ووٹ حاصل کیے۔ وہ  دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کی نیشنلسٹ پارٹی کے امیدوار ہان کیو یو کو شکست دی ہے۔ تائیوان میں کل 19.3 ملین رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

Taiwan Tsai Ing-Wen und Brent Christensen.
سائی انگ وین نے امریکی سفارت کار برینٹ کرسٹینسن سے ملاقات دارالحکومت تائی پے میں کی۔تصویر: Taiwan Presidential Office

سائی انگ وین نے امریکی سفارت کار برینٹ کرسٹینسن سے ملاقات دارالحکومت تائی پے میں کی۔ کرسٹینسن امریکی انسٹیٹیوٹ برائے تائیوان کے سربراہ ہیں۔ خاتون صدر نے الیکشن میں کامیابی پر امریکی سفارت کار کا شکریہ ادا کیا کہ انتخابی عمل میں اُن کی حمایت میں تسلسل قائم رکھا گیا۔ تائیوانی صدر چینی دباؤ کے باوجود امریکا کے ساتھ ملکی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش رکھتی ہیں، جس کا ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے مثبت جواب دیا جاتا ہے۔ جزیرہ تائیوان 23 ملین افراد کا گھر ہے اور وہاں ایک خود مختار حکومت قائم ہے۔

Infografik Taiwan Wahl Ergebnis 2020 EN

یہ امر اہم ہے کہ امریکا 'ایک چین پالیسی‘ کے تحت تائیوان کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں رکھتا تاہم امریکا قانونی طور پر اس بات کا پابند ہے کہ وہ تائیوان کو خطرات سے بچاؤ کے لیے اس کا دفاع کرے۔

تائیوان نے 1949ء میں خانہ جنگی کے بعد بیجنگ حکومت سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ تاہم بیجنگ حکومت ابھی بھی چین تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتی ہے اور امریکا کی طرف سے تائیوان کے ساتھ براہ راست رابطہ کاری کو اپنے داخلی معاملات میں دخل اندازی قرار دیتی ہے۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع ح (اے ایف پی)