1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی فوجیوں کو جرمنی سے پولینڈ منتقل کرنے کا معاہدہ طے

15 اگست 2020

امریکا نے پولینڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیے جس کے تحت جرمنی میں تعینات امریکی فوجیوں کی پولینڈ میں منتقلی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ ساتھ ہی پولینڈ امریکی فوجی کی ففتھ کور کا نیا ہیڈکوارٹر بھی بن گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3h17j
Mike Pompeo besucht Polen Warschau EDCA Unterzeichnung
تصویر: picture-alliance/PAP/P. Supernak

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پولینڈ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت اس مشرقی یورپی ملک میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا عمل شروع ہو جائے گا۔
اس معاہدے کے مطابق پولینڈ میں مزید ایک ہزار امریکی فوجیوں کو تعینات کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس وقت پولینڈ میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد 4500 ہے۔ ساتھ ہی اس معاہدے کے بعد امریکا کو پولینڈ کی فوجی تنصیبات تک بھی رسائی مل گئی ہے تاکہ پولینڈ کی ملٹری صلاحیت میں اضافے کے لیے ان تنصیبات کو جدید بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے:

امریکا کا جرمنی سے توقع سے زیادہ فوج واپس بلانے کا اعلان

فوجیوں کے انخلا کے باوجود جرمنی اور امریکا میں مذاکرات کی ضرورت ہے

جرمنی سے امریکی فوج کا انخلا نیٹو کے لیے باعث تشویش ہوگا


آج ہفتہ 15 اگست کو ہونے والے اس معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر پولش صدر آندرے ڈوڈا کا کہنا تھا، ''یہ ایک وسیع گارنٹی ثابت ہو گی: اس بات کی گارنٹی کہ کسی خطرے کی صورت میں ہمارے فوجی بازو سے بازو ملائے کھڑے ہوں گے۔‘‘ ڈوڈا کا مزید کہنا تھا، ''اس سے یورپ کے اس حصے میں دیگر ممالک کی سکیورٹی میں بھی اضافہ ہو گا۔‘‘

امریکا اور پولینڈ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت جرمنی میں تعینات امریکی فوجی کمانڈروں میں سے کئی ایک اب پولینڈ میں تعینات کر دیے جائیں گے۔ ساتھ ہی امریکا کی ففتھ کور کا ہیڈکوارٹرز بھی آئندہ برس پولینڈ منتقل کر دیا جائے گا۔
 

امریکا جرمنی سے 12,000 فوجی نکالے گا
رواں برس جولائی میں امریکا کے محکمہ دفاع کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ جرمنی سے اپنے 12,000 فوجی اہلکار نکال لے گا۔ اس طرح جرمنی میں اس وقت تعینات 36,000 فوجیوں کی تعداد کم ہو کر 24,000 رہ جائے۔ نکالے جانے والے 12 ہزار فوجیوں میں سے 5600 اہلکاروں کو نیٹو اتحاد میں شامل ممالک میں تعینات کیا جائے گا جبکہ بقیہ 6400 فوجی امریکا واپس چلے جائیں گے۔
امریکا کا یہ فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے متعدد مرتبہ ایسی شکایات کے بعد سامنے آیا تھا کہ برلن حکومت مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے دفاعی اخراجات کے لیے اپنا مناسب حصہ نہیں ڈال رہی۔
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے صدارتی محل میں منعقدہ خصوصی تقریب میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے 'اینہانسڈ ڈیفنس کوآپریشن ایگریمنٹ‘ نامی اس معاہدہ پر اپنے پولش وزیر دفاع ماریوش بلاشچاک کے ساتھ دستخط کیے۔ پومپیو کا وسطی یورپی ممالک کا دورہ بھی اس کے ساتھ ہی اختتام کو پہنچ رہا ہے۔ پولینڈ سے قبل وہ چیک ری پبلک، آسٹریا اور سلووینیا بھی گئے۔

Mike Pompeo besucht Polen Warschau EDCA Unterzeichnung
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے صدارتی محل میں منعقدہ خصوصی تقریب میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے 'اینہانسڈ ڈیفنس کوآپریشن ایگریمنٹ‘ نامی اس معاہدہ پر اپنے پولش وزیر دفاع ماریوش بلاشچاک کے ساتھ دستخط کیے۔تصویر: picture-alliance/PAP/P. Supernak

ا ب ا / ع ح (اے پی، ڈی پی اے)