1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدارتی انتخابات ، ووٹوں کی گنتی جاری

7 نومبر 2012

امریکی صدارتی انتخابات کے سلسلے میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ آئندہ چند گھنٹوں میں معلوم ہو جائے گا کہ عوام صدر باراک اوباما کو دوسری مدت صدارت کے لیے چنتے ہیں یا ری پبلکن سیاستدان مٹ رومنی کو صدر منتخب کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/16duA
تصویر: Reuters

صدر باراک اوباما اور ری پبلکن صدارتی امیدوار مٹ رومنی نے ان انتخابات کے سلسلے میں جو مہمیں چلائی ہیں، اسے امریکی تاریخ کی سب سے مہنگی ترین الیکشن مہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے باوجود عوامی جائزوں کے مطابق دونوں سیاستدان الیکشن کے دن تک واضح سبقت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

USA Wahlen Mitt Romney
مٹ رومنیتصویر: AFP/Getty Images

صدر باراک اوباما سمیت تیس ملین امریکی شہریوں نے اپنا حق رائے دہی پہلے ہی استعمال کر لیا تھا تاہم 2012ء کے امریکی صدارتی انتخابات کے سلسلے میں باضابطہ ووٹنگ کا آغاز منگل چھ نومبر کو ہوا۔ میسا چوسيٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی اور ان کی اہلیہ نے پیر کو بوسٹن کے نواح میں واقع بلماؤنٹ میں ووٹ ڈالے۔ رومنی نے اس موقع پر کہا کہ وہ بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔

امریکا کی مشرقی ریاستوں میں پولنگ اختتام پذیر ہو چکی ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں ابھی یہ سلسلہ جاری ہے۔ کئی عشروں کے بعد رواں انتخابات کو امریکی تاریخ میں انتہائی کانٹے دار قرار دیا جا رہا ہے۔ ابتدائی جائزوں کے مطابق 51 سالہ ڈیموکریٹ باراک اوباما کو اپنے حریف پر معمولی سے سبقت حاصل ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے بقول اوہائیو اور فلوریڈا جیسی اہم ریاستیں ان انتخابات کے نتائج پر واضح طور پر اثر انداز ہوں گی۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق 65 سالہ مٹ رومنی نے منگل کو بھی اپنی سیاسی مہم جاری رکھی۔ انہوں نے اوہائیو اور پینسلوانیا میں بذات خود ایسے ووٹروں کو قائل کرنے کی کوشش کی، جنہوں نے حتمی فیصلہ نہیں کیا تھا۔ امریکی ذرائع ابلاغ مٹ رومنی کی اس آخری کوشش کو سود مند قرار دے رہا ہے۔

USA Wahlen Barack Obama
باراک اوباماتصویر: Getty Images

سمندری طوفان سینڈی کی تباہ کاریوں کی وجہ سے متاثرہ ریاستوں میں ووٹروں کو خصوصی سہولیات میسر کی جا رہی ہیں۔ خیال تھا کہ ان ریاستوں میں شايد ووٹ ڈالنے کی شرح کم ہو لیکن ملک کے دیگر علاقوں کی طرح وہاں بھی عوام کی بڑی تعداد نے جوش وخروش کے ساتھ ووٹ ڈالے۔

امریکا میں براہ راست صدر منتخب نہیں کیا جاتا بلکہ یہ فیصلہ الیکٹورل کالج کے ذریعے ہوتا ہے۔ جو امیدوار بھی 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرتا ہے، اسے امریکا کے صدر بننے کا اعزاز حاصل ہوتا ہے۔ گزشتہ صدارتی انتخابات میں صدر باراک اوباما نے 365 الیکٹورل کالج ووٹ حاصل کرتے ہوئے ری پبلکن صدارتی امیدوار جان مککین کو شکست سے دوچار کیا تھا، مککین صرف 173 ووٹ ہی حاصل کر پائے تھے۔

( ab /as (AFP, dpa, Reuters