1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی خاتون سیاح دھماکا خیز مواد ویانا ایئرپورٹ پر لے آئی

11 جولائی 2018

ايک چوبيس سالہ امريکی خاتون سياح نے ويانا کے ہوائی اڈے پر اس وقت تہلکہ مچا ديا جب اس کے سامان سے دوسری عالمی جنگ کا ايک بم برآمد ہوا۔

https://p.dw.com/p/31FUI
Österreich Wien Touristin mit Granate am Flughafen
تصویر: picture-alliance/KEYSTONE/APA/LPD Niederösterreich

متعلقہ خاتون سياح نے اس بم کو اپنے سامان سے نکالا اور کسٹمز اہلکار سے سوال کيا کہ آيا وہ اسے ’سوونيئر‘ يا ايک يادگار کی حيثيت سے اپنے ساتھ لے جا سکتی ہيں۔ اس پر کسٹمز اہلکار چونک پڑے اور فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر ليا گيا۔ يہ دوسری عالمی جنگ کے زمانے کے ایک ٹينک کا ساڑھے سات کيليبر کا ايک ايسا شيل تھا، جو اب تک پھٹا نہيں تھا۔

اس واقعے کے نتيجے ميں ويانا ايئر پورٹ پر آمد اور سامان والے حصے پندرہ منٹ تک بند کر ديے گئے تھے۔ پوليس نے بتايا ہے کہ اس دوران کسی بھی وقت ايئر پورٹ پر موجود ديگر افراد و مسافروں کو کوئی خطرہ نہيں تھا۔  

بتايا گيا ہے کہ متعلقہ خاتون، جن کا نام بيان نہيں کيا گيا، کو يہ بم ویانا میں چہل قدمی کے دوران ملا تھا۔ ’کرونے‘ نامی ايک مقامی اخبار کے مطابق خاتون سیاح اس بم کو اپنے ساتھ اپنے ہوٹل لے گئی، جہاں اس نے اسے دھو کر صاف بھی کيا تاکہ اس کا سامان اس کی وجہ سے گندا نہ ہو۔  

اس چوبيس سالہ امريکی خاتون پر لا پرواہی برتنے کے سبب  چار ہزار يورو کا جرمانہ عائد کر ديا گيا ہے۔

ع س / ش ح، نيوز ايجنسياں