1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا نے حیاتیاتی ہتھیاروں کی آزمائش کی ہے، روس

5 اکتوبر 2018

روس کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے جارجیا میں حیاتیاتی ہتھیار آزمانے کا خفیہ پروگرام شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وہاں کم از کم 73 افراد ہلاک ہوئے۔ امریکی حکام نے اسے مغرب کے خلاف روسی پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3610C
russischer General Igor Kirillov
تصویر: picture-alliance/dpa/TASS/M. Pochuyev

روسی وزارت دفاع کی جانب سے یہ دعویٰ عالمی سطح پر روس کے خلاف ان الزامات کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا جن میں کہا گیا تھا کہ وہ مختلف ممالک میں ہیکنگ کی کوششوں میں مصروف ہے، جن میں اقوام متحدہ کی کیمیائی ہتھیاروں کے انسداد کی ایجنسی بھی شامل ہے۔ یہ ایجنسی اس بات کی تحقیقات میں مصروف ہے کہ آیا ماسکو سابق روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی اسکرپل کو ہلاک کرنے کی کوشش میں مصروف ہے یا نہیں۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق قفقاز کی ریاست جارجیا میں امریکی فنڈنگ سے قائم کردہ طبی مرکز ’لوگار سنٹر‘ کو بائیولوجیکل ہتھیاروں کو  آزمانے کے لیے بطور کور استعمال کیا گیا۔ روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق روس کے ’ملٹری ریڈی ایشن، کیمیکل اینڈ بائیالوجیکل پروٹیکشن یونٹ‘ کے سربراہ ایگور کیریلوف نے جمعرات چار ستمبر کو کہا، ’’رضاکاروں کی ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں ہلاکت سے لگتا ہے کہ لوگار سنٹر طبی علاج کے بھیس میں ایک انتہائی زہریلے کیمیائی یا انتہائی خطرناک حیاتیاتی عامل کا تجربہ کر رہا ہے۔‘‘ کیریلوف کا مزید کہنا تھا، ’’دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ اس تجربے کے دوران بڑے پیمانے پر مریضوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ صرف دسمبر 2015ء میں ہی 24 مریضوں کی ہلاکت کے باوجود یہ کلینیکل ٹیسٹ جاری ہے اور اس دوران مریضوں کی مرضی حاصل کرنے کے بین الاقوامی معیارات کو نظرانداز کیا گیا۔ اسی باعث 49 دیگر افراد کی  موت ہوئی۔‘‘

Forschung Labor Marburg-Virus
’’رضاکاروں کی ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں ہلاکت سے لگتا ہے کہ لوگار سنٹر طبی علاج کے بھیس میں ایک انتہائی زہریلے کیمیائی یا انتہائی خطرناک حیاتیاتی عامل کا تجربہ کر رہا ہے۔‘تصویر: AP

امریکی محکمہ دفاع نے ان الزامات کو مغرب کے خلاف روس کی ’’غلط اطلاعات پر مبنی مہم‘‘ کا حصہ قرار دیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان ایرک پاہون نے جمعرات کے روز ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روسی حکام کی طرف سے یہ تازہ الزام ’’کئی معاملات میں روسی رویے سے توجہ ہٹانے کی کھلی کوشش ہے۔‘‘ پاہون نے اس بات کی تردید کی کہ امریکا لوگار سنٹر میں بائیالوجیکل ہتھیاروں کی تیاری کی کوئی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سنٹر ’’انسانوں اور جانوروں کے لیے ایک مشترکہ عوامی سہولت‘‘ ہے۔

ا ب ا / ع ح (السٹیئر والش)