1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ نے بنگلہ دیش کے سابق آرمی چیف پر پابندیاں عائد کر دیں

22 مئی 2024

امریکہ نے بنگلہ دیش کے سابق آرمی چیف جنرل عزیز احمد پر مبینہ بدعنوانی میں ملوث ہونے کے الزام میں پابندیاں عائد کردی ہیں۔ جنرل احمد وزیر اعظم شیخ حسینہ کے اتحادی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4g81k
 بنگلہ دیش کے سابق آرمی چیف، جنرل عزیز احمد
بنگلہ دیش کے سابق آرمی چیف، جنرل عزیز احمدتصویر: DW

امریکی محکمہ خارجہ نے منگل کو بنگلہ دیش کے سابق آرمی چیف، جنرل عزیز احمد پر، بڑی بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کے الزامات میں پابندیاں عائد کرتے ہوئے امریکہ میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق" سابق آرمی چیف کے اقدامات نے بنگلہ دیش کے جمہوری اداروں کو نقصان پہنچایا اور عوامی اداروں اور طریقہ کار پر عوام کے اعتماد کو کمزور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔"

کون سا ملک سب سے زیادہ اور کون سب سے کم بدعنوان ہے؟

بنگلہ دیش: نوبل انعام یافتہ محمد یونس کے خلاف کارروائی کیوں؟

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ " عزیز احمد اپنے بھائی کی مجرمانہ سرگرمیوں کے الزامات میں، بنگلہ دیش میں احتساب سے بچنے میں مدد کرکے، سرکاری عمل میں مداخلت جیسی نمایاں بدعنوانی میں ملوث رہے۔"

عزیز احمد کے خلاف کیا الزامات ہیں؟

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا کہ پابندیوں کا اطلاق عزیز احمد کے قریبی خاندان کے افراد پر بھی ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ سن 2021میں ایک تفتیشی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ آرمی چیف جنرل عزیز احمد کے بھائی حارث احمد کی قیادت میں جرائم پیشہ افراد کے ایک گروہ نے پولیس اور نیم فوجی دستوں کا استعمال کرکے اپنے حریفوں کو اغوا کیا اور رشوت کے ذریعہ کروڑوں روپے کمائے۔

بنگلہ دیش: استثنیٰ کی عادی بدعنوان اشرافیہ کے خلاف کریک ڈاؤن

بھارت رشوت خوری میں ایشیا میں اول نمبر پر

امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عزیز احمد نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر غلط طریقے سے فوجی ٹھیکے دینے کو یقینی بنانے کے لیے بھی کام کیا اور اپنے ذاتی فائدے کے لیے سرکاری تقرریوں کے عوض رشوت قبول کی۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکی کاروائی بنگلہ دیش میں جمہوری اداروں اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے امریکہ کے عزم کی از سر نوتصدیق کرتی ہے۔

بیان کے مطابق امریکہ، انسداد بدعنوانی کی کوششوں میں مدد کے ذریعے سرکاری خدمات کو مزید شفاف اور استطاعت کے قابل بنانے، کاروبار اور ریگولیٹری ماحول کو بہتر بنانے اور منی لانڈرنگ اور دیگر مالیاتی جرائم کی تحقیقات اور مقدمہ چلانے کی اہلیت پیدا کرنے میں بنگلہ دیش کی مدد کرتا ہے۔

امریکہ کی جانب سے اس کارروائی کے نتیجے میں سابق فوجی سربراہ عزیز احمد اور ان کے قریبی خاندان کے افراد امریکہ میں عمومی داخلے کے لیے نااہل قرار دے دیے گئے ہیں۔

جنرل عزیز احمد بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے اتحادی ہیں
جنرل عزیز احمد بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے اتحادی ہیںتصویر: Munir Uz Zaman/AFP/Getty Images

جنرل (ریٹائرڈ)عزیز احمد کا ردعمل

جنرل عزیز احمد بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے اتحادی ہیں۔

جنرل احمد نے ان کے خلاف عائد کی گئی پابندیوں کو "افسوس ناک "قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں "حیرت اور تکلیف" ہوئی ہے۔

امریکہ کے اعلان پر اپنے ردعمل میں جنرل احمد نے بنگلہ دیشی روزنامے 'پرتھوم آلو' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف جن الزامات کے تحت پابندیاں عائد کی گئی ہیں،وہ درست نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف عائد کی گئی پابندیاں افسوس ناک ہیں اور اس سے انہیں حیرت اور تکلیف ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوکہ امریکہ نے ان کے خلاف ذاتی طورپر پابندیاں عائد کی ہیں لیکن ا س سے حکمراں عوامی لیگ حکومت کے امیج کو بھی نقصان پہنچے گا کیونکہ وہ اس کے دور حکومت میں ایک اہم عہدے پر فائز تھے۔

سابق جنرل احمد نے جون 2018میں چیف آف آرمی اسٹاف کا عہدہ سنبھالا تھا اور جون 2021میں سبکدوش ہوگئے۔ جنرل ایس ایم شفیع الدین احمد ان کے جانشین بنائے گئے۔

ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی)