1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ: سفید فام قوم پرست فسادات کی سازش کے الزام میں گرفتار

12 جون 2022

امریکی ریاست ایڈاہو میں پولیس نے سفید فام قوم پرست گروپ 'پیٹریاٹ فرنٹ‘ کے 31 ارکان کو فسادات کی سازش کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ایک مقامی شہری کی اطلاع پر کی گئی۔

https://p.dw.com/p/4CaHQ
تصویر: North Country Off Grid/Youtube/REUTERS

سفید فام قوم پرستوں کا یہ گروہ ہفتے کے روز ریاست ایڈاہو کی کوتینائئی کاؤنٹی میں پرائیڈ پریڈ کے موقع پر فسادات کی سازش کیے ہوئے تھا۔

پولیس کے مطابق ایک مقامی شہری نے اس گروہ کے ارکان کو جمع ہوتے دیکھ کر پولیس کو اطلاع کر دی، جس کے نتیجے میں بروقت گرفتاریاں ممکن ہوئیں۔

کورڈالن شہر کے پولیس چیف لی وائٹ نے رپورٹرز کو بتایا کہ فی الوقت گرفتار افراد کے خلاف فسادات کی سازش تیار کرنے سے متعلق دفعات لگائی گئی ہیں تاہم بعد میں مزید دفعات بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔

اب تک ہمیں کیا معلوم ہے؟

پولیس کے مطابق ایک مقامی رہائشی نے پولیس کو فون کیا اور بتایا کہ ایک ہوٹل کی پارکنگ میں یوں دکھائی دے رہا ہے جیسے 'فوجی ایک ٹرک میں سوار‘ ہو رہے ہیں۔

پولیس نے اطلاع ملنے کے دس منٹ بعد ہی ٹرک کو روک لیا۔ اس ٹرک میں 31 افراد سوار تھے جن کے پاس موجود سامان اور آپریشن کی منصوبہ بندی کے بارے میں دستاویزات سے واضح تھا کہ وہ ہنگامہ آرائی کی مکمل تیاری کیے ہوئے تھے۔

میڈیکل کی کتابوں میں صرف سفید فام لوگوں کے ہی خاکے کیوں؟

پولیس چیف نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار کیے گئے افراد امریکہ کی گیارہ مختلف ریاستوں سے آئے تھے جب کہ ان میں سے صرف ایک شخص ریاسٹ ایڈاہو کا رہائشی تھا۔

گرفتاری کے وقت ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ لوگ ایک سی خاکی پتلونیں اور نیلی شرٹس پہنے ہوئے تھے جن پر 'ری کلیم امریکہ‘ لکھا ہوا تھا۔

امریکہ میں نفرت انگیزی پھیلانے اور دہشت گردی کا ارتکاب کرنے والے گروہوں پر نظر رکھنے والی ایک تنظیم نے 'پیٹریاٹ فرنٹ‘ کی درجہ بندی نفرت انگیزی پھیلانے والی تنظیم کے طور پر کر رکھی ہے۔

یہ تنظیم سن 2017 میں بنائی گئی تھی اور اس کے منشور میں امریکہ کو صرف سفید فاموں پر مبنی ملک بنانا شامل ہے۔

ش ح/ ع ب (روئٹرز، اے پی)

USA Idaho | Gruppe von weißen Nationalisten in Coeur d'Alene verhaftet
یہ تنظیم سن 2017 میں بنائی گئی تھی اور اس کے منشور میں امریکہ کو صرف سفید فاموں پر مبنی ملک بنانا شامل ہے۔تصویر: KXLY/REUTERS