1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا کو عمان کی دو بندرگاہوں تک عسکری رسائی مل گئی

24 مارچ 2019

امريکا نے اسٹريٹيجک اہميت کی حامل بندرگاہوں کے حصول کے ليے عمان کے ساتھ ايک ڈيل کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس پيش رفت سے جہاں عمان کو اقتصادی سطح پر فائدہ ہو گا، وہيں امريکی افواج کی خليج کے خطے ميں رسائی بہتر ہو گی۔

https://p.dw.com/p/3Fawh
Oman | Kontainerschiff
تصویر: Getty Images/AFP/M. Naamani

امريکا کو اب عمان کی الدقم اور صلالہ نامی بندرگاہوں تک رسائی حاصل ہے۔ عمان ميں امريکی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ ايک بيان ميں تصديق کر دی گئی ہے کہ اسٹريٹيجک اہميت کی حامل ان دونوں بندرگاہوں کے حصول کے ليے مسقط اور واشنگٹن حکومتوں کے مابين ايک ڈيل کو اتوار چوبيس مارچ کے روز حتمی شکل دے دی گئی۔ بيان کے مطابق اس پيش رفت سے دونوں ممالک کے سلامتی سے متعلق مشترکہ مقاصد کے حصول ميں مدد ملے گی۔

مسقط حکومت مشرق وسطیٰ کی سياست ميں غير جانبدار رہنا چاہتی ہے اور اس پيش رفت کو ايک اقتصادی فيصلہ قرار ديا جا رہا ہے۔ ملکی دارالحکومت سے قريب ساڑھے پانچ سو کلوميٹر جنوب کی طرف واقع شہر الدقم کبھی ماہی گيری کے ليے مشہور تھا ليکن مسقط حکومت اب وہاں ترقی کی خواہاں ہے۔ عمان کی کوشش ہے کہ تيل اور گيس کی برآمدات پر انحصار کم کيا جائے اور اقتصادی ترقی کے ليے ديگر شعبوں ميں پيداوار بڑھائی جائے۔ ايک وقت میں چين بھی الدقم ميں لگ بھگ گيارہ بلين ڈالر کی سرمايہ کاری کا خواہش مند تھا تاہم اس پر زيادہ پيش رفت نہ ہو سکی تھی۔

Karte Strait of Hormuz Iran Oman EN

دوسری جانب الدقم اور صلالہ کی بندرگاہوں کے حصول کے نتيجے ميں امريکی افواج کی خليج کے خطے ميں رسائی بہتر ہو گی کيوں کہ اب امريکا کے بڑے بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزر کر وہاں پہنچنے کی ضرورت نہيں پڑے گی۔

امريکا خطے ميں ايران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور بالخصوص اس کے متنازعہ ميزائل پروگرام پر تشويش کا شکار ہے۔ اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر ايک امريکی اہلکار نے بتايا کہ عمان کی سرزمين پر ان بندرگاہوں تک رسائی سے ديگر بندرگاہيں اور سڑکوں کے نيٹ ورکس امريکا کی دسترس ميں ہوں گے، جو کسی ممکنہ بحرانی صورتحال ميں امریکی افواج کے ليے مددگار ثابت ہوں گے۔

ع س / م م، نيوز ايجنسياں