1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میکسیکو سرحد پر ’تارکین وطن کا سیلاب‘

17 مارچ 2021

میکسیکو سے امریکا کی سرحدوں میں داخل ہونے والے تنہا بچوں، جن میں چند کی عمریں چھ سال تک ہیں، کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3qlYU
USA Mexiko Migration
تصویر: Christian Chavez/AP Photo/picture alliance

 

 امریکا کو اس وقت اپنی جنوب مغربی سرحد پر گزشتہ دو دہائیوں کے تارکین وطن کے سب سے بڑے ریلے کا سامنا ہے۔ اس بارے میں منگل کے روز امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی حکام نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کے بارڈر کنٹرول حکام کو میکسیکو سے امریکی سرحدی علاقے میں داخل ہونے والے بچوں کی بہت بڑی تعداد کو سنبھالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ بچے تنہا سرحد پار کر کے امریکا میں داخلے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 ہوم لینڈ سکیورٹی کے سکریٹری الیخاندرو مائیورکاس نے ایک بیان میں کہا،'' گزشتہ ایک سال کے دوران میکسیکو اور دیگر ہمسائے ممالک کی طرف سے امریکا کی سرحدی گزرگاہوں کو عبور کرنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تنہا بارڈر کراس کرنے والے زیادہ تر بالغوں اور خاندانوں کو واپس لوٹایا جا رہا ہے۔‘‘

Weltspiegel 16.03.2021 | USA Texas | Flüchtlinge, Mädchen aus Honduras
ہنڈوراس سے تعلق رکھنے والی ایک چار سالہ بچی امریکی بورڈر پٹرول دستے کی گاڑی میں سوار۔تصویر: Adrees Latif/REUTERS

قدرتی آفات اور وبا ترک وطن کی بڑی وجوہات 

میکسیکو، گوئٹے مالا، ہنڈوراس اور ال سلواڈور کے عوام کئی دہائیوں سے غربت، تشدد، بدعنوانی  کے علاوہ ناگہانی آفات کے شکار رہے ہیں۔ اس کے سبب لاکھوں افراد اپنی بقا کی تلاش میں امریکا کا رُخ کر رہے ہیں۔ لاطینی امریکی ممالک کے حالات بدستور خراب ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ ہوم لینڈ سکیورٹی کے سکریٹری الیخاندرو مائیورکاس کا کہنا ہے کہ دو حالیہ سمندری طوفانوں نے وہاں حالات میں مزید خرابی پیدا کی ہے جبکہ کورونا کی وبا نے سرحدی صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔  ان کا کہنا تھا،‍'' ہمیں گزشتہ 20 برسوں کے مقابلے میں اب جنوب مغربی سرحد پر زیادہ سے زیادہ افراد کی آمد کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘

بائیڈن کا مجوزہ امیگریشن بل، لاکھوں تارکین وطن کی اُمیدیں

وائٹ ہاؤس کے کسٹم اور بارڈر پروٹیکشن  کے شعبے نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ گزشتہ ماہ یعنی فروری میں بارڈر ایجنٹوں نے ایک لاکھ چار ہزار اکتالیس تارکین وطن کو ملک  سے نکال دیا تھا۔ یہ تعداد گزشتہ دو برسوں کے دوران ماہانہ ملک بدری کی کُل تعداد کے اعتبار سے سب سے زیادہ تھی۔ 

USA Mexiko Migration
جوبائیڈن پرغیر معمولی دباؤ ہے۔ تصویر: Gregory Bull/AP Photo/picture alliance

 

 تنہا سفر کرنے والے بچے

ہوم لینڈ سکیورٹی کے سکریٹری الیخاندرو مائیورکاس نے بتایا کہ زیادہ تر واپس لوٹا دیے جانے والوں میں 'سنگل‘ نابالغ تارکین وطن شامل ہیں تاہم تنہا سرحد پار کرنے والے چھ سال عمر کے بچوں کو واپس نہیں بھیجا جا رہا۔ مائیورکاس نے بتایا کہ امریکی حکومت ایسے بچوں کو فوری طور پر محکمہ صحت اور انسانی خدمات کے شعبوں  کی نگرانی میں کام کرنے والے پروسیسنگ سینٹرز منتقل کر رہی ہے، جہاں ان کے لیے اضافی پناہ گاہوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

ہزارہا تارکین وطن پھر سے امریکا کی جانب پیدل سفر میں

 منگل کو امریکی نیوز چینل اے بی سی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا،'' ہم اگلے ماہ تک ایسے بچوں، جن کے پاس کوئی ٹھکانہ نہیں ہے، کو کافی تعداد میں بستر فراہم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ تاہم انہیں مناسب دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔‘‘

Mexiko Grenze USA El Chaparral Migranten Camp
میکسیکو اور امریکا کی سرحدوں پر تارکین وطن کے لیے بنائے گئے عارضی کیمپ۔تصویر: Guillermo Arias/AFP/Getty Images

جو بائیڈن پر ریپبلکنز کے الزامات

کانگریس میں ریپبلکنز نے صدر جو بائیڈن پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے سابق صدر ٹرمپ کی کچھ سخت گیر پالیسیوں میں تبدیلی کا وعدہ کر کے ملکی سرحد پر تارکین وطن کا سیلاب رواں کر دیا ہے۔ پیر کے روز ال پاسو بارڈر پر قائم سہولیات فراہم کرنے والے ایک مرکز میں بیان دیتے ہوئے امریکی ایوان نمائندگان کے ایک ریپبلکن لیڈر کیون مک کارتھی کا کہنا تھا،''یہ غیر ضروری تھا۔ یہ بحران ہماری نئی انتظامیہ کی صدارتی پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔‘‘

کیا بائیڈن کے دور میں امریکی پالیسیاں تبدیل ہوں گی؟

اس سلسلے میں جو بائیڈن پر بڑھتے ہوئے سیاسی دباؤ کا اندازہ منگل کو امریکی صدر اور ڈیمو کریٹ لیڈر جو بائیڈن کی طرف سے دیے گئے اس بیان سے بھی ہوتا ہے، جس میں انہوں نے کہا،''یہاں مت آئیں، اپنے قصبے، شہر یا برادری کو مت چھوڑیں۔‘‘

ک م /  ا ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)