1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا روزانہ پیغامات بھیجتا ہے، روحانی

8 ستمبر 2018

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا مذاکرات شروع کرنے کے لیے مسلسل پیغامات بھیج رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے ایک خطاب میں کہی۔ امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/34WdH
Iranischer Präsident Hassan Rouhani
تصویر: Getty Images/M. Gruber

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی حکومت معاشی پابندیوں کی صورت میں ایران پر مسلسل دباؤ بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تو دوسری جانب وہ تہران حکومت کو مذاکرات پر راضی کرنے کے لیے مسلسل پیغامات ارسال کرتی رہتی ہے۔ روحانی نے ان پابندیوں کے سبب معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی عوام کو متحد رہنے کی اپیل کی، ’’آج حکومت سب سے آگے ہے۔ یہ ایک معاشی، نفسیاتی اور پراپیگنڈا جنگ ہے۔‘‘

آج ہفتہ آٹھ ستمبر کو ملکی ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے خطاب میں کہا، ’’ہر روز وہ ہمیں مختلف طریقوں سے پیغامات بھیجتے رہتے ہیں کہ آئیے مذاکرات کریں۔‘‘ روحانی کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی عوام امریکا کی ’’معاشی جنگ‘‘ کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ ان کا اشارہ ان پابندیوں کی جانب تھا جو امریکا کی طرف سے جوہری معاہدے سے الگ ہوجانے کے نتیجے کے طور پر تہران حکومت پر عائد کی گئی ہیں۔ ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان  2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس مئی میں الگ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو ایران کے میزائل پروگرام اور خطے میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوششوں پر شدید تحفظات ہیں۔

واشنگٹن کی طرف سے تہران حکومت کے خلاف پابندیوں کے سبب ایرانی ریال کی قدر مسلسل گر رہی ہے اور اس باعث افراطف زرز غیرمعمولی طور پر بلند ہو چکی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایرانی قیادت سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں لیکن تہران حکومت نے ایسی کسی ملاقات کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا، ’’ایک طرف وہ ایرانی عوام کو دبانے کی کوشش کرتے ہیں تو دوسری جانب وہ ہمیں ہر روز مختلف ذرائع سے  بات چیت کے پیغامات روانہ کرتے ہیں۔‘‘

ا ب ا /ع ح (روئٹرز، اے ایف پی)