1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امريکی شہری کووڈ ويکسين کی دوسری خوراک کيوں نہيں لگوا رہے؟

30 اپریل 2021

امريکا ميں کئی لوگ طبی ماہرين کی تجاويز کے برخلاف کورونا سے بچاؤ کے ٹيکوں کی دوسری خوراک سے بچ رہے ہيں۔ ليکن کيا ايسا کرنا درست ہے؟

https://p.dw.com/p/3sn6B
Weltspiegel 13.04.2021 | Corona | USA Detroit Impfkampagne
تصویر: Matthew Hatcher/Getty Images

امريکی شہريوں کی ايک قابل ذکر تعداد کورونا سے بچاؤ کے ٹيکوں کی دوسری خوراک سے گريز کر رہی ہے۔ اس بارے ميں ايک تفصيلی رپورٹ امريکی اخبار 'دا نيو يارک ٹائمز‘ ميں حال ہی ميں شائع ہوئی ہے۔

بھارت: لاشوں کو کندھا دینے والے کرائے پر دستیاب

ترکی:کورونا کے سبب شراب کے فروخت پر پابندی

امريکا ميں سی ڈی سی کے اس مطالعے پر ان دنوں کافی بحث جاری ہے۔ کئی اخبارات اور جريدوں ميں اس کا ذکر ہے۔ ذرائع ابلاغ کی توجہ بالخصوص اس امر پر مرکوز ہے کہ لوگ کيوں دوسرا ٹيکا نہيں لگوا رہے۔ امريکا ميں اکثريتی افراد کو فائزر بيون ٹيک اور موڈرنا کی ويکسين لگائی جا رہی ہے، جس کی ديرپا افاديت کے ليے طبی ماہرين چند دنوں کے وقفے سے دو ٹيکوں کی تجويز ديتے ہيں۔

دوسرا ٹيکا نہ لگوانے کی وجوہات کيا ہيں؟

'دا نيو يارک ٹائمز‘ نے اپنی رپورٹ ميں لکھا ہے کہ دوسری خوارک کے ليے مقررہ وقت پر نہ پہنچنے کی کئی متنوع وجوہات ہيں۔ چند افراد ٹيکے کے ضمنی مضر اثرات سے خوف زدہ ہيں۔ چند کا خيال ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے ليے ايک ٹيکا کافی ہے۔ کئی واقعات ميں تاخير کی وجہ انتظامی مسائل بھی ہيں۔

وائرولوجسٹ ڈاکٹر انجيلا راسموسن کی رائے ميں دوسرا ٹيکہ لگوانے سے انکار خوش آئند نہيں ليکن اکثريتی عوام معالجوں کی تجاويز پر عمل پيرا ہيں اور مکمل خوارک لگوا رہے ہيں۔ انہوں نے ڈی ڈبليو نيوز سے خصوصی طور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ يہ فکر کی بات نہيں۔

ڈاکٹر انجيلا راسموسن نے مزيد کہا، ''چند لوگوں کا خيال ہے کہ ايک ہی ٹيکا کارآمد ہے۔‘‘ راسموسن کے بقول يہ تاثر انہيں کورونا سے تحفظ کا ايک غير حقيقی احساس دلائے گا۔ انہوں نے يہ بھی بتايا کہ بہت سے لوگ دوسرے ٹيکے کے بعد اس کے ضمنی اثرات سے بچنے کے ليے ايسا کر رہے ہيں۔

'جانز ہاپکز سينٹر‘ کی ماہر ڈاکٹر ليزا کوپر نے واضح کيا کہ بالخصوص افريقی نژاد امريکی شہريوں کو ويکسين تک رسائی ميں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے ڈی ڈبليو کو بتايا کہ ويکسين کے ليے اندراج کا واحد راستہ آن لائن رجسٹريشن ہی ہے اور کئی افريقی نژاد امريکی شہريوں کے پاس زيادہ موثر اور جديد تر اسمارٹ فونز نہيں۔ يہ صورتحال ان کی اندارج کے طريقہ کار تک رسائی ميں خلل ڈال رہی ہے۔

اس ضمن ميں ايک اور اہم پہلو معاشی بھی ہے۔ کم آمدنی والے ملازمين کا دعوی ہے کہ وہ ويکسين ضرور لگوانا چاہيں گے مگر انہيں اپنے مالکان کا تعاون درکار ہے۔ اسی ليے صدر جو بائيڈن نے مالکان پر زور ديا ہے کہ وہ ملازمين کو چھٹياں ديں اور ويکسين لگوانے کے ليے جہاں ممکن ہو رعايتيں ديں۔

کيا ويکسين کی ايک خوراک کافی ہے؟

ماہرين ايک عرصے سے يہ کہتے آئے ہيں کہ کورونا سے ديرپا اور زيادہ موثر بچاؤ کے ليے ويکسين کی دو خوراکيں لگوانی چاہييں۔ گو کہ چند ويکسين، جيسا کہ 'جانسن اينڈ جانسن‘ کی ايک خوراک ہی کافی ہے۔ فی الحال يہ بھی واضح نہيں کہ دو خوراکيں کتنے عرصے تک کے ليے کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت پيدا کرتی ہيں ليکن ڈاکٹر ہر صورت دو خوراکيں تجويز ضرور کر رہے ہيں۔

دريں اثناء برطانيہ ميں کيے گئے دو حاليہ جائزوں ميں يہ بات سامنے آئی ہے کہ  فائزر بيون ٹيک اور موڈرنا کی ويکسين کے ايک ہی ٹيکے کے بعد جسم ميں کورونا کے خلاف قابل ذکر قوت مدافعت پيدا ہو جاتی ہے۔ ايک مطالعے ميں يہ سامنے آيا کہ پہلے ٹيکے کے بعد انفيکشن لگنے کے امکانات ميں بہتر فيصد کمی جبکہ دوسرے ٹيکے کے بعد نوے فيصد کمی ديکھی گئی۔

ع س / ا ا (نيوز ايجنسياں)